بچوں کے اغوا کے حوالے سے سوشل میڈیا پر کی گئی پوسٹ پر معافی نہیں مانگوں گا: حمزہ علی عباسی اپنی غلطی پر ڈٹ گئے

muhammad ali محمد علی بدھ 31 اگست 2016 23:02

بچوں کے اغوا کے حوالے سے سوشل میڈیا پر کی گئی پوسٹ پر معافی نہیں مانگوں ..

لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔31اگست2016ء) حمزہ علی عباسی کا کہنا ہے کہ بچوں کے اغوا کے حوالے سے سوشل میڈیا پر کی گئی پوسٹ پر معافی نہیں مانگوں گا۔ تفصیلات کے مطابق معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پنجاب حکومت کے قانونی نوٹس کے حوالے سے کہا ہے کہ وہ معافی نہیں مانگیں گے۔ اپنی غلطی کا دفاع کرتے ہوئے حمزہ علی عباسی کا کہنا ہے کہ بچوں کے اغوا کے حوالے سے انہوں نے سوشل میڈیا پر جو پوسٹ کی تھی وہ اس پر اب بھی قائم ہیں اور معافی نہیں مانگیں گے۔

انہوں نے اس حوالے سے جو پوسٹ کی تھی وہ مسلم لیگ ن کی رکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ کی بنیاد پر تھی۔ پنجاب حکومت کو پہلے حنا بٹ سے معافی منگوانی چاہیے پھر مجھ سے معافی کا مطالبہ کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ حمزہ علی عباسی کو بھیجا گیا نوٹس اس لیے نہیں ہے کہ انہیں نشانہ بنایا جا سکے۔

بلکہ اس کا مقصد صرف یہ ہے کہ انہیں ذمہ داری کا احساس دلایا جا سکے۔ حمزہ عباسی کی پوسٹ کی وجہ سے عوام میں شدید خوف و حراس پھیل گیا تھا اور لوگوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے تھے۔ رانا ثناء اللہ کا مزید کہنا ہے کہ اس حوالے سے حنا بٹ سے بھی ان کی گفتگو ہوئی ہے اور انہوں نے معافی مانگ لی ہے۔ جبکہ اس دوران پروگرام کے میزبان کی جانب سے نشاندہی کی گئی کہ حمزہ علی عباسی نے اپنی پوسٹ میں 900 بچوں کے اغوا کا ذکر کیا تھا حالانکہ اپنی پوسٹ میں انہوں نے جن ذرائع کا ذکر کیا تھا اس میں 700 بچوں کی گمشدگی کی خبر دی گئی تھی اور یہ بھی بتایا گیا تھا کہ ان میں سے 600 سے زائد بچوں کو ڈھونڈ لیا گیا ہے۔