پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سبوتاژ کرنے کے بھارتی منصوبے ناکام بنا دینگے ، منصوبہ مقررہ وقت میں پایہ تکمیل کو پہنچے گا ، سی پیک منصوبے پر چاروں صوبے اور تمام جماعتیں متفق ہیں ، اس کو ملکی ترقی کا باعث سمجھتے ہیں

وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی واصلاحات احسن اقبال کا سی پیک سیمینار سے خطاب سی پیک منصوبے کے خلاف کوئی سازش یا رکاوٹ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان

بدھ 31 اگست 2016 22:46

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 اگست ۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی واصلاحات احسن اقبال نے کہا ہے کہ بھارت پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کو ناکام بنانا چاہتا ہے لیکن اس منصوبے کو سبوتاژ نہیں ہونے دیں گے اور مقررہ وقت میں یہ منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچے گا ، سی پیک منصوبے پر چاروں صوبے اور تمام جماعتیں متفق ہیں اور اس کو ملکی ترقی کا باعث سمجھتے ہیں جبکہ چیئرمین خصوصی پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک مشاہد حسین سید نے کہا کہ طاقت کا توازن یورپ سے ایشیاء منتقل ہو چکا ہے کیونکہ اس خطے میں سی پیک میں بڑا منصوبہ شروع ہو گیا ہے اور مستقبل میں بڑی بڑی معاشی طاقتیں پاکستان کے ساتھ دوسرے ایشیائی ممالک ہونگے۔

وہ بدھ کو یہاں گلگت میں دو روزہ سی پیک کانفرنس کے پہلے روز منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے، بحیثیت مہمان خصوصی اپنے خطا ب میں احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک سے پورے خطے کی تقدیر بدل جائے گی اور گلگت بلتستان اس منصوبے کا گیٹ وے ہے اور اہم ترین حصہ ہے ، انہوں نے کہا کہ ملک کو کسی ریاست سے کوئی خطرہ نہیں ہے سی پیک منصوبے سے ملک کا مستقبل وابستہ ہے اور ملک میں معاشی انقلاب آئے گا ،مین پاور میں اضافہ ہوگا، ہمیں اب دوسروں کی طرف نہیں دیکھنا ہوگا بلکہ خود کام کرنا ہوگا ، سی پیک قومی منصوبہ ہے اور یہ منصوبہ خد ا کی طرف سے ایک تحفہ ہے ہمیں اس سے فائدہ اٹھانا ہوگا، ہمیں اپنی ترجیحات طے کرنا ہونگی، دنیا میں کوئی ملک تنہا گلوبل طاقتوں کا مقابلہ نہیں کرسکتا،علاقائی تعاون کی تنظیم کے ساتھ چلنا ہوگا۔

(جاری ہے)

سیمینار سے خطاب میں کہا کہ ہمیں سی پیک منصوبے کو کامیاب بنانے کیلئے اتحاد و اتفاق سے کام کرنے کی ضرورت ہے ۔ جبکہ سیمینار سے خطاب میں چیئرمین برائے پارلیمنٹری کمیٹی سی پیک مشاہد حسین سید نے کہا کہ طاقت کا توازن یورپ سے ایشیاء منتقل ہو چکا ہے کیونکہ اس ریجن میں سی پیک میں بڑا منصوبہ شروع ہو گیا ہے اور مستقبل میں بڑی بڑی معاشی طاقتیں پاکستان کے ساتھ دوسرے ایشیائی ممالک ہونگے ۔

بھارتی حکومت اس وقت مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک کو د بانے کیلئے لوگوں پر ظلم کر رہی ہے اور دنیاکی توجہ ہٹانے کیلئے پاکستان کے اندر دہشت گردی کو فروغ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان سی پیک کا اہم حصہ ہے۔ اس کے بغیر سی پیک نا مکمل ہے۔ بعض لوگ اس کو ناکام بنانے کیلئے پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔ ہم نے گلگت بلتستان کو بھی سی پیک کی پارلیمنٹری کمیٹی میں شامل کیاہے۔

گلگت بلتستان سی پیک کا انٹری پوائنٹ ہے۔ چائنہ نے پاکستان کے ساتھ سی پیک کا منصوبہ سائن کر کے اسے دنیا میں اعتماد کا ووٹ دیا ہے۔ گلگت بلتستان میں 20 بڑے منصوبے ہیں جو کہ سی پیک میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی کامیاب تکمیل سے ہمیں بجلی کے موجودہ بحران پر قابو پانا ہو گا۔ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اگلے سال سے لاہور سکردو اور کراچی سکردو کیلئے فلائٹ شروع ہو جائے گی جس سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔

سی پیک کی تکمیل سے ہمارے آباؤ اجداد کا خواب پورا ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ چائنہ کے ساتھ ہماری دوستی بہت مضبوط ہے۔ انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کے لوگ سب سے زیادہ محب وطن پاکستانی ہیں۔ اس موقع پر سینیٹر عبدالغفور حیدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ گلگت بلتستان میں کم از کم 3 جبکہ بلوچستان میں 5 اکنامک زون بنائے جائیں گے۔ وزیراعلی گلگت بلتستان حفیظ الرحمان نے کہا کہ گلگت بلتستان کی ترقی و خوشحالی چین پاکستان اقتصادی راہداری سے منسلک ہے۔

انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے خلاف کوئی سازش یا رکاوٹ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ گلگت بلتستان چین پاکستان اقتصادی راہداری کا داخلی راستہ ہے اور گلگت بلتستان میں تمام جماعتیں اس بڑے منصوبے کی حمایت کررہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے بیان کو یکسر مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم سی پیک پر عملدرآمد سے انتہائی پریشا ن ہیں۔وزیراعلی گلگت بلتستان نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے وزیراعظم نوازشریف کی تعریف کی