غیر سرکاری نتائج کے مطابق پی پی 232وہاڑی کے ضمنی انتخابات میں (ن) لیگ کے امیدوار نے میدان مار لیا

وزیراعلیٰ کی حلقہ پی پی 232 وہاڑی کے ضمنی انتخاب میں کامیابی پر مسلم لیگ (ن) کے امیدواریوسف کسیلیہ کو مبارکباد

بدھ 31 اگست 2016 22:32

وہاڑی /جہلم /لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 232وہاڑی کے ضمنی انتخابات میں (ن) لیگ کے امیدوار نے میدان مار لیا ،وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ضمنی انتخابات میں کامیابی کوعوام کا مسلم لیگ (ن) پر اعتماد قرار دیتے ہوئے کہا ہیضمنی الیکشن کے نتائج نے دھرنا سیاست کا دھڑن تختہ کردیا ہے اور اس امر کا فیصلہ دیا ہے کہ ملک میں منفی سیاست کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں۔

پنجاب کے صوبائی حلقہ پی پی 232میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار یوسف کسیلیہ نے میدان مار لیا ۔غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق لیگی امیدوار یوسف کسیلیہ نے اپنے مدمقابل پی ٹی آئی کی امیدوار عائشہ نذیر جٹ کو 1056 ووٹوں سے شکست دی۔

(جاری ہے)

یوسف کسیلیہ نے 51323 جبکہ عائشہ نذیر جٹ نے 50267 ووٹ حاصل کئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے حلقہ پی پی 232 وہاڑی کے ضمنی انتخاب میں کامیابی پر مسلم لیگ (ن) کے امیدواریوسف کسیلیہ کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کی کامیابی بے لوث عوامی خدمت کا نتیجہ ہے اوروہاڑی کے عوام نے شرافت ‘خدمت ‘ دیانت،شفافیت اور امانت کی سیاست کو کامیاب کراکے وزیراعظم محمد نوازشریف کی پالیسیوں پر مہر تصدیق ثبت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی الیکشن کے نتائج نے دھرنا سیاست کا دھڑن تختہ کردیا ہے اور اس امر کا فیصلہ دیا ہے کہ ملک میں منفی سیاست کی قطعاً کوئی گنجائش نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوامی خدمت کا سفر پہلے سے زیادہ عزم کے ساتھ جاری رہے گا۔