بلوچستان میں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، نواب ثناء اﷲ

بلوچستان میں دہشتگردوں کیلئے کوئی جگہ نہیں، حملوں او ردھمکیوں سے مرعوب ہونے والے نہیں ، ہمارا مرنا جینا سب کچھ بلوچستان کے ساتھ ہیں،سانحہ کوئٹہ کے شہداء نے جانوں کی قربانی دے کر دہشتگردی کے خلاف بلوچستان کی عوام کو متحد کردیا ، خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقدکردہ نواب زادہ ریاض جوگیزئی مرحوم اور شہداء سانحہ کوئٹہ کے نام سے منسوب قومی ایوارڈ کی تقسیم تقریب سے وزیر اعلیٰ بلوچستان زہری کا خطاب

بدھ 31 اگست 2016 22:27

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء ) وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان میں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جنگ جاری رہے گی ۔ بلوچستان میں دہشتگردوں کے لئے کوئی جگہ نہیں،ہم حملوں او ردھمکیوں سے مرعوب نہیں ہونے والے ہمارا مرنا جینا سب کچھ بلوچستان کے ساتھ ہیں۔سانحہ کوئٹہ کے شہداء نے جانوں کی قربانی دے کر دہشتگردی کے خلاف بلوچستان کی عوام کو متحد کردیا ۔

یہ بات انہوں نے بدھ کی شب سرینا ہوٹل میں خدمت خلق فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقدکردہ نواب زادہ ریاض جوگیزئی مرحوم اور شہداء سانحہ کوئٹہ کے نام سے منسوب قومی ایوارڈ کی تقسیم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پرپشتون اولسی جرگہ کے کنونیئر او رصوبائی وزیر پی ایچ ای نواب ایازا خان جوگیزئی اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

نواب ثناء اﷲ خان زہری نے کہاکہ سانحہ 8اگست کے شہداء کا درد بخوبی محسوس کر سکتا ہوں کیونکہ میں بھی 2013میں اس قرب سے گزرا ہوں ۔

انہوں نے کہاکہ شہداء کی جگہ کوئی نہیں لے سکتا شہید ہمیشہ زندہ ہے میں دہشتگردوں کو للکار کرکہتا ہوں کہ ہم نہ کمزور ہیں نہ بزدل ہیں۔شہد اء کے ورثاء کبھی بزدل نہیں ہوتے انہیں نہ تو دھمکیاں اور نہ ہی حملے ڈرا سکتے ہیں ۔انہوں نے شہداء کے معصوم بچوں کی قسم کھا کر کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کو ضرورمنطقی انجام تک پہنچائیں گے جنہوں نے ہمارے بچوں کو تیم بہنوں کو بیوہ اور ماؤں سے ان کے بیٹے چھینے ہیں ہم پشتون اور بلوچ اپنا بدلہ کبھی کسی پر نہیں چھوڑتے اور و ہ وقت ضرور آئے گا جب ہم دہشتگردوں وسے اپنے بھائیوں بیٹوں کے خون کا حساب لیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ دہشتگردسمجھتے ہیں کہ وہ دھمکیاں دے کر اپنے کارندوں سے حملے کرواکر ہمیں ڈرا دینگے اور بلوچستان سے نکال دیں گے میں یہ بات واضح کرنا چاہتاہوں کہ ہمارے گھر قبر ستان سب کچھ بلوچستان میں ہے ہم یہاں سے نہیں جائیں گے البتہ ہم دہشتگردوں کو ان کے بلو ں سے نکال کر بلوچستان سے باہر پھینک دینگے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ دہشتگرد سمجھتے ہیں کہ بلوچستان میں پڑھے لکھے طبقے اور سکول کے بچوں پر حملے کرکے وہ اپنا نظریہ ہم پر مسلط کردینگے تو یہ وہ بات کان کھول کر سن لیں ہم ماضی میں بھی ان کے خلاف لڑے ہیں۔ اور مستقبل بھی ان کے خلاف لڑیں گے اور اﷲ کی مدد سے فتح ہماری ہوگی جبکہ دہشتگردوں کو شکست فاشت کا سامنا کرنا پڑے گا۔