وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے تیار شدہ ماسٹر پلان پر تیزترعمل درآمد کرنے کی ہدایت کردی

بدھ 31 اگست 2016 22:27

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیلئے تیار شدہ ماسٹر پلان پر تیزترعمل درآمد کرنے اور اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز کی تشکیل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو حتمی شکل دینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے بھی اجلاس میں شرکت کی جبکہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعظم خان نے اجلاس کو گلیات کی ترقی ، بور ڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل اور دیگر متعلقہ مسائل پر موجود پیش رفت پر تفصیلی بریفینگ دی ۔انہوں نے بتایا کہ لینڈ ریکارڈ ، کمپیوٹرائزڈ کر دیا گیا ہے جو ریکوری میں دس گنا تک اضافے کا موجب ہو گا جبکہ شکایات کے ازالے کا ایک کمپیوٹرائزڈ طریق کار بھی وضع کیا گیا ہے اور گلیات کی خوبصورتی کیلئے ماسٹر پلان تیار کرلیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اتھارٹی نے مانیٹرنگ اور ایوالویشن کا نظام وضع کیا ہے علاوہ ازیں سٹریٹ لائٹس، خانس پور میں ایک گراؤنڈ اور مختلف پارکس بھی مکمل ہو چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے گلیات بھر میں قدرتی حسن کی بحالی کیلئے صوبائی حکومت کے اُٹھا ئے گئے اقدامات کی مسلسل نگرانی کا حکم دیا۔ انہوں نے کہاکہ کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں ہے اور کسی کوتجاوزات کے ذریعے پراسس پر اثر انداز ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی اتھارٹی اپنی تمام فیصلہ سازی میں آزاد ہے اور بورڈ آف ڈائریکٹرز صوبائی حکومت کے پا س کردہ کنفلکٹ آف انٹرسٹ قانون کے تناظر میں اہل ممبران پر مشتمل ہونا چاہیئے ۔

عمران خان نے کہاکہ بورڈ کے ممبران ماہر ، کام کے پس منظر سے واقف اور محنت کا جذبہ رکھنے والے ہونے چاہئیں جو گلیات کو ماحول دوست بنانے کیلئے صوبائی حکومت کی کاوشوں میں اپنا حصہ ڈال سکیں اور علاقہ کی مجموعی خوبصورتی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ مذکورہ اقدام بڑے پیمانے پر سیاحوں کو آمادہ کرے گا جو صوبائی معیشت کے استحکام کا موجب بنے گا اور یہاں کے لوگوں کو سیاحت سے متعلق صنعت میں روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :