محکمہ انسانی حقوق کے’’ڈائریکٹوریٹ‘‘ کے قیام کے لئے وزیراعلی پنجاب نے 8 رکنی کمیٹی قائم کر دی

پنجاب حکومت محکمہ انسانی حقوق کے 36 اضلاع میں پبلک ڈیفنڈر تعینات کرے گی‘ صوبائی وزیر انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو 36 اضلاع میں دفاتر قائم ہوں گے،اقوام متحدہ کے 27 کنونشن پر عملدرآمداور نگرانی یقینی بنارہے ہیں‘ صوبائی وزیر کا سیمینار سے خطاب

بدھ 31 اگست 2016 22:15

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) صوبائی وزیر برائے انسانی حقوق اقلیتی امور خلیل طاہر سندھو نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں انسانی حقوق کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے تمام اضلاع میں ہیومن رائٹس پبلک ڈیفنڈر تعینات کرے گی ،ضلعی سطح پر محکمہ انسانی حقوق کے دفاتر کے قیام کے لئے ’’ڈائریکٹوریٹ‘‘ جلد قائم کیا جارہا ہے جس کے لئے وزیراعلی پنجاب نے وزیر قانون رانا ثناء اﷲ کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے،کمیٹی آئندہ15 روز میں اپنی سفارشات پیش کرے گی ،پنجاب میں ضلعی سطح پر پبلک ڈیفنڈر اور انسانی حقو ق کے دفاتر قائم ہونے سے انسانی حقوق کی پامالی کے واقعات میں کمی واقع ہو گی ،اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ ،اعدادو شمار کا ریکارڈ مرتب کرنے اوریونین کونسل کی سطح پرسول سوسائٹی اور صوبائی حکومت کے اشتراک سے پروگرام شروع کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خلیل طاہر سندھو نے لاہور میں دی ایشین فاؤنڈیشن،سانجھ پریت اور REAT نیٹ ورک کے تعاون سے انسانی حقوق کی پنجاب میں صورتحال کے حوالے سے سیمینار میں کہا۔سیمینار میں REATنیٹ ورک کی جانب سے پنجاب کے 4 اضلاع،خانیوال،لاہور،فیصل آباد اور ننکانہ صاحب میں پرائیویٹ پبلک ڈیفنڈرز نے شرکت کی۔سیمینار میں ڈائریکٹر سانجھ پریت یرویز اختر نے کہا کہ پنجاب میں انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے یونین کونسل کی سطح پر کام کررہی ہے۔

دی ایشین فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹرفرمان اﷲ نے پنجاب حکومت اور دی ایشین فاؤنڈیشن کو باہمی اشتراک سے پروگرام شروع کرنے کی پیشکش کی۔سیمینار میںREAT نیٹ ورک کی جانب سے محکمہ انسانی حقوق اور ضلعی انتظامیہ کو تعاون کرنے پر بحث کی گئی۔سیمینار میں محکمہ انسانی حقوق کے ڈپٹی ڈائریکٹر محمد یوسف،خلیل احمد صوبائی کوآرڈینیٹر کمیشن فارہیومن رائٹس ،پرویز اخترڈائریکٹر سانجھ پریت،ڈاکٹر قیصر جاوید، ڈائریکٹر پروگرام فرمان اﷲ ایشین فاؤنڈیشن نے شرکت کی۔

خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ تھانہ کلچر کی تبدیلی کے لئے محکمہ پولیس کے افسران کو انسانی حقوق کے حوالے سے خصوصی تربیت دی جائے گی۔اسی طرح سکول اور کالجز کی سطح پر اساتذہ کرام کے لئے بھی تربیتی پروگرام شروع کئے جائیں گے۔خلیل طاہر سندھونے کہا کہ پنجاب میں 300 سے زائد این جی اوز کام کررہی ہیں۔محکمہ انسانی حقوق ان کے ساتھ ہر طرح کا اشتراک کرنے کو تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ اقوام متحدہ کے 27 کنونشن پر عملدرآمد اور نگرانی محکمہ انسانی حقوق پنجاب کے پاس ہے لیکن ڈائریکٹوریٹ کے قیام کے بغیر نچلی سطح پر نگرانی اور عملدرآمد کے بغیر ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت جلد ہیومن رائٹس ایکٹ اور صوبائی ہیومن رائٹس پالیسی تشکیل دے گی جو صوبہ میں انسانی حقوق کے تحفظ میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔

متعلقہ عنوان :