چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلویز محمد جاوید انور سے ہیڈکوارٹرزآفس میں چائنہ سے آئے وفدکی ملاقات

سی پیک کے تحت ریلوے کے نظام کو اَپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ پسنجر اور فریٹ سیکٹر میں پاکستان ریلویز اہم کردار ادا کرے گاجس کے لیے کوئی کسر اُٹھانہیں رکھی جائے گی

بدھ 31 اگست 2016 22:06

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) چائنہ پاک اکنامک کاریڈور(سی پیک) کے تحت ریلوے کے نظام کو اَپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ پسنجر اور فریٹ سیکٹر میں پاکستان ریلویز اہم کردار ادا کرے گاجس کے لیے کوئی کسر اُٹھانہیں رکھی جائے گی۔ اس بات کا اعادہ چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد جاوید انور نے ریلوے ہیڈکوارٹرزآفس میں چائنہ سے آئے ہوئے CRECکے 11رُکنی وفدسے ملاقات کے دوران کیا۔

CRECاقتصادی راہداری کے تحت اَپ گریڈ کی جانے والی ML-1 اورپاکستان ریلویز کے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ میں مثبت کردارادا کررہی ہے جسے مزید فعال بنایا جارہا ہے۔CRECکے وائس چیئرمین مسٹر ماء لی) (Ma Li نے سی پیک منصوبے میں پاکستان ریلویز کے تعاون اور کوششوں کو سراہتے ہوئے خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور بتایا کہ انہیں ریلوے حکام کی جانب سے ہر طرح کی سہولیات بہم پہنچائی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

محمد جاوید انور چیف ایگزیکٹو آفیسر نے وفد کے اراکین کو خوش آمدید کہا اور اُنہیں یقین دہانی کروائی کہ پاکستان ریلویز اُنہیں شعبہ جاتی وفنی صلاحیتیں فراہم کرتارہے گا۔ اس موقع پراقتصادی راہداری کے فوکل پرسن اور ٹیم لیڈر سی پیک پراجیکٹ اشفاق خٹک نے چائینز کمپنی کے وفد کومجوزہ منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی جس میں حویلیاں ڈرائی پورٹ کا قیام ، پشاورتاراولپنڈی (159کلومیٹر)ڈبلنگ آف ٹریک، 52کلومیٹر سیکشن پر لائنوں کی ری الائنمنٹ جبکہ 339کلومیٹرپر محیط سیکشن کو 160کلومیٹر فی گھنٹہ تک اَپ گریڈ کرنا شامل ہے۔

سی پیک ٹیم لیڈر نے گزشتہ میٹنگزپرہونے والی پیش رفت اور آئندہ دِنوں میں پاکستان ریلویز کے اعلیٰ سطحی وفد کی چین کے دورے سمیت دیگر امور پر بھی بریف کیا گیا۔اجلاس میں چائنیز کمپنیCRECکے 11رُکنی وفد کی قیادت مسٹر ماء لی نے کی جبکہ پاکستان ریلویز کی طرف سے چیف ایگزیکٹو آفیسرمحمد جاوید انور کی معاونت فوکل پرسن اقتصادی راہدای اورٹیم لیڈرسی پیک اشفاق خٹک ، ایڈیشنل جنرل منیجر ٹریفک مقصودالنبی، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر ہمایوں رشید اور ایڈیشنل جنرل منیجر مکینکل لیاقت علی چغتائی نے کی۔ ملاقات کے اختتام پر سووینئرز کا باہمی تبادلہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :