پٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس وصولی کیخلاف درخواست پر وزارت پٹرولیم اور اوگرا کو جواب داخل کرنے کا آخری موقع

بدھ 31 اگست 2016 22:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے پٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس وصولی کیخلاف درخواست پر وزارت پٹرولیم اور اوگرا کو جواب داخل کرنے کا آخری موقع دے دیا ۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون رشید نے کیس کی سماعت شروع کی ۔جوڈیشل ایکٹو ازم پینل کے چیئرمین اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے درخواست میں پیٹرولیم منصوعات پر اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی کو چیلنج کیا تھا ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کا موقف ہے کہ عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہو رہی ہیں لیکن پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں زیادہ ہیں۔حکومت پٹرولیم مصنوعات پر 17 فیصد سے زائد سیلز ٹیکس وصول کر رہی ہے اور اضافی سیلز ٹیکس کی وصولی سپریم کورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہے۔حکومت اضافی سیلز ٹیکس سے 661 ارب روپے وصول کر چکی ہے۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ حکومت کو پٹرولیم مصنوعات پر اضافی سیلز ٹیکس وصول کرنے سے روکا جائے۔فاضل عدالت نے درخواست پر وزارت پٹرولیم اور اوگرا کو جواب داخل کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے آئندہ سماعت پر جواب پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :