اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج میں جماعت اسلامی شرکت کرتی رہی ہے ،آئندہ بھی ساتھ دے گی‘ لیاقت بلوچ

اپوزیشن جماعتوں کو عوامی حقوق کے تحفظ کیلئے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کرنا ہوگا،عوام کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں‘ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

بدھ 31 اگست 2016 22:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے احتجاج میں جماعت اسلامی شرکت کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی احتجاج کا ساتھ دے گی ،ملک میں لاقانونیت ،معاشی دہشتگردی اور عوام دشمن اقدامات بڑھتے جارہے ہیں ،اپوزیشن جماعتوں کو عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کرنا ہوگا،عوام کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں ،قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم سے ہی عوامی اعتماد بحال ہوگا۔

لیاقت بلوچ نے این اے126میں کرپشن فری پاکستان تحریک ،عوامی رابطہ مہم میں مساجد،مارکیٹوں ،کارنر میٹنگز میں خطا ب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی پاکستان اور مدینہ منورہ کی طرز پرفلاحی اسلامی ریاست بنانے کے لیے عوام کو حق سچ اور امانت و دیانت دار قیادت کا ساتھ دینا ہوگا۔

(جاری ہے)

حکمران عوام سے تعلیم ،صحت روزگار حتیٰ کے جینے کا حق چھین رہے ہیں۔

جماعت اسلامی عوامی حقوق کی جنگ لڑرہی ہے اور لڑتی رہے گی۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ کراچی میں مہاجر ازم اور لسانی عصبیت کی آڑ میں کراچی کے عوام کوگمراہ کیا گیا ۔بھتہ خوری،ٹارگٹ کلنگ اور بوری بند لاشوں کا کلچر دیکر کراچی کو بدنامی اور پاکستان کی معاشی شہ رگ کو یرغمال بنا رکھا ہے۔الطاف حسین اور اس کے حواری ملک دشمنی میں بے نقاب ہوگئے ہیں۔کراچی کے عوام الطاف حسین سے نجات پائیں گے۔اب دھوکہ بازی سے کراچی کے لوگوں کو مزید یرغمال نہیں بنایا جاسکتا۔