Live Updates

عام آدمی کی فلاح اور سہولت انکی پارٹی کا وژن ہے،پرویزخٹک

حکومت کے تمام اصلاحاتی اقدامات اور قانون سازی میں سب سے پہلے غریب عوام کی سہولت کو دیکھا جاتا ہے ،اگر وہ غریب کے مفاد میں ہو تو ہم کر گذرتے ہیں ،وزیراعلی خیبرپختونخوا

بدھ 31 اگست 2016 21:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ عام آدمی کی فلاح اور سہولت انکی پارٹی کا وژن ہے۔ صوبائی حکومت کے تمام تر اصلاحاتی اقدامات اور قانون سازی میں سب سے پہلے غریب عوام کی سہولت کو دیکھا جاتا ہے اگر وہ غریب کے مفاد میں ہو تو ہم کر گذرتے ہیں اور اسکی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیتے۔

ہسپتالوں کی خود مختاری ایک ایسا ٹاسک تھا جس کے لئے ماضی میں بہت کوشش کی گئی مگر وفاق اور پنجاب سمیت کوئی بھی اس مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکا موجودہ صوبائی حکومت نے شدید مزاحمت کے باوجود یہ مشکل کارنامہ سر انجام دیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں صحت سہولت پروگرام کے فیز۔ IIکے تحت’صحت انصاف کارڈ‘‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

5362.2 ملین روپے کی مجموعی لاگت سے اس پروگرام کا اجراء کیا جا رہا ہے۔ صوبے کے تمام اضلاع سے پچاس فیصد آبادی اس سے مستفید ہو گی جبکہ تقریباً18 لاکھ خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ فراہم کئے جائیں گے۔ ہر خاندان کے 8 افراد سالانہ 5 لاکھ 40ہزار روپے تک علاج معالجے کی مفت سہولیات حاصل کر سکیں گے۔علاج معالجے کی یہ سہولت مختص کردہ نجی اور سرکاری ہسپتالوں سے حاصل کی جائے گی ۔

اگلے مرحلے میں سرکاری ملازمین کو بھی اس پروگرام کے تحت علاج معالجے کی مفت سہولیات کا پیکج دینے کا عندیہ دیا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے ’’صحت انصاف کارڈ‘‘ کے اجراء کو صوبائی حکومت کا ایک منفرد اور غریب دوست اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں غریب کے لئے علاج کرانا مشکل ہے جس کا وہ حقیقی ادراک رکھتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ انہوں نے صوبے کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی مفت کرنے کے ساتھ تشویش ناک بیماریوں کا علاج بھی مفت کیا ہے۔صحت سہولت پروگرام ملک کی تاریخ کا پہلا ہیلتھ انشورنش پروگرام ہے۔ انہوں نے ’’صحت انصاف کارڈ‘‘ کے تحت علاج معالجہ کی سہولت کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے اس اقدام کو صوبہ بھر میں توسیع دینے پر محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ اداروں کو مبارکباد دی۔

وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ اس پروگرام کے بہت اچھے نتائج بر آمد ہونگے کیونکہ انہیں اس بات کا بخوبی اندازہ ہے کہ غریب آدمی کے لئے کتنی مشکلات ہیں۔پرویز خٹک نے کہا کہ عوام نے تحریک انصاف کو تبدیلی کے لئے ووٹ دیا تھا مگر بد قسمتی سے عوام و خواص کی اکثریت کو تبدیلی کا علم ہی نہیں کہ اصل میں تبدیلی ہے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں میگا پراجیکٹس کے بڑے چرچے ہوتے ہیں اور سڑکوں پلوں وغیرہ کی تعمیرکو ہی میگا پراجیکٹ سمجھا جاتا ہے۔

پرویز خٹک نے واضح کیا کہ ان کے نزدیک عوام کو صحت اور تعلیم کی معیاری سہولیات کی فراہمی سب سے بڑا پراجیکٹ ہے اگر دیگر صوبے اور وفاق بھی انکو میگا پراجیکٹ بنا لیں تو ملک کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ انہوں نے تبدیلی کے لئے گذشتہ تین سال بھرپور جدوجہد کی۔ اپنے اختیارات کسی دوسرے کو دینا بڑا مشکل کام ہے۔ مگر ان کی حکومت نے پولیس، صحت اور مقامی حکومتوں کو مکمل اختیارات دیئے جس کی مثال پاکستان کی تاریخ میں نہیں ملتی۔

بنیادی مقصد یہ ہے کہ جب عوام اداروں میں جائیں تو وہ اداروں کو اپنا سمجھیں اور انہیں یقین ہو جائے کہ یہ ادارے اُن کی خدمت کے لئے بنائے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ نے جس قوم کی تقدیر بدلنے کا ارادہ فرمایا اس کو ایمان دار قیادت عطاء کی۔جس نے نظام کو عوامی امنگوں کے مطابق شفافیت پر استوار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے اس بد عنوان نظام کو نہ بدلا تو ذلت اور پستی سے نہیں نکل سکتے۔

ہمیں ایسا صوبہ ملا تھا جس میں کوئی ادارہ یا محکمہ کام نہیں کر رہا تھا۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ کوئی شخص بتا دے کہ سابقہ حکمرانوں نے کوئی ایک ادارہ بنایا ہو یا اصلاح کا کوئی کام کیا ہو یا نظام کی بہتری کے لئے کوئی قدم اٹھایا ہو۔گذشتہ 67سالوں سے تباہ حال اداروں کو ٹھیک کرنے کے لئے صرف عمران خان ہی ہمت کر سکتا ہے جس کے وژن کے مطابق موجودہ صوبائی حکومت نے صوبائی اداروں سے سیاسی مداخلت کا خاتمہ کرکے انہیں عوامی توقعات کے مطابق خدمت پر گامزن کیا ۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان ، وزیر صحت شہرام خان تراکئی اور سیکرٹری صحت عابد مجید نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر، وزیر تعلیم عاطف خان، وزیر آبنوشی شاہ فرمان، وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات مشتاق غنی، ممبران صوبائی اسمبلی ، سٹیٹ لاائف انشورنس کارپوریشن آف پاکستان اورکے ایف ڈبلیو کے اعلیٰ حکام اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے تقریب میں شرکت کی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات