وزیراعظم جمہوریت کے لئے خطرہ ہیں، پانامہ لیکس پر ساری اپوزیشن متحد ،تحریک احتساب کرپٹ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا

تحریک انصاف کے رہنما ،مخدوم شاہ محمود قریشی کی سینئر صحافیوں سے گفتگو

بدھ 31 اگست 2016 21:25

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 اگست ۔2016ء ) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف جمہوریت کے لئے خطرہ ہیں۔ پانامہ لیکس پر ساری اپوزیشن متحد ہے۔تحریک احتساب کرپٹ حکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔پوری قوم لوٹ مار کرنے والے حکمرانوں پر عدم اعتماد کا اظہار کر چکی ہے۔ تحریک احتساب جلسہ میں ملتان سے بھی کارکنوں کے قافلے بڑی تعداد میں شرکت کریں گے ۔

وہ بدھ کو پی ٹی آئی رہنما جہانگیر بھٹہ کی رہائش گاہ پر پارٹی رہنما ملک فہد جہانگیر بھٹہ سے ملاقات اور سینئر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔ اس موقع پرپی ٹی آئی رہنما رانا عبد الجبار بھی ہمرا ہ تھے۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ میاں نواز شریف پانامہ لیکس سے بچنے کے لئے جس طرح کے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پوری قوم جان چکی ہے کہ موجودہ حکمرانوں نے اقتدار میں آکر عوام سے کئے گئے وعدوں کو بھلادیا اور لوٹ مار میں لگ گئے اور کرپشن کی انتہا کر دی۔

انہوں نے کہا کہ تحریک احتساب کے سلسلے میں تمام اپوزیشن کو دعوت دی ہے کہ وہ تحریک احتساب میں شرکت کریں۔انہوں نے کہا کہ 2018میں عوام باری باری کی سیاست کرنے والوں کو مسترد کر دیں گے۔پی ٹی آئی کو عوام نے موقع دیا تو پی ٹی آئی اقتدار میں آکر حقیقی معنوں میں عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔