عالمی بنک اور پاکستان کے درمیان 650 ملین ڈالر کے تعلیم، صحت، پانی اورڈیزاسٹرمینجمنٹ سے متعلق 4 سمجھوتوں پر دستخط

ورلڈ بنک تعلیم، صحت،پانی سمیت دیگر شعبوں میں منصوبوں میں تعاون کیلئے 650 ملین ڈالر دیگا منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو ترقی حاصل ہوگی، وزیر خزانہ

بدھ 31 اگست 2016 21:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 اگست ۔2016ء) حکومت اور عالمی بنک کے درمیان 650 ملین ڈالر کے تعلیم، صحت، پانی اورڈیزاسٹرمینجمنٹ کے 4 سمجھوتوں پر دستخط کئے گئے، وفاقی حکومت کی طرف سے سیکرٹری اکنامک افیئرز ڈویژن طارق باجواہ اور صوبائی حکومت کی طرف سے ان کے نمائندوں نے سمجھوتوں پر دستخط کئے۔ بدھ کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ورلڈ بنک کے ساتھ تعلیم، صحت،پانی سمیت دیگر شعبوں میں منصوبوں میں تعاون کے لئے 650 ملین ڈالر کے چار منصوبوں کے معاہدوں پر دستخط کرنے کی تقریب میں شرکت کی، سیکرٹری اکنامک افیئرز ڈویژن طارق باجوہ نے حکومت پاکستان کی جانب سے معاہدے پر دستخط کئے جبکہ اس موقع پر پنجاب ، سندھ، خیبرپختونخواہ اور بلوچستان کے نمائندوں نے اپنی حکومت کی جانب سے منصوبوں پر دستخط کئے۔

(جاری ہے)

عالمی بنک کی طرف سے کنٹری ڈائریکٹر نے معاہدے پر دستخط کئے ۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے عالمی بنک سے منصوبوں پر تعاون فارہم کرنے پر شکریہ ادا کیا، عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر نے معاشی استحکام اور اصلاحات میں پیش رفت پر حکومت کی 3 سالہ کے دوران پالیسیوں کی تعریف کی ، منصوبوں میں 200 ملین ڈالر کا بلوچستان کے لئے واٹر ریسورس مینجمنٹ کا منصوبہ، 300ملین ڈالر کا تھرڈ پنجاب ایجوکیشن سیکٹر منصوبہ ،سندھ کے لئے سیلاب اور خشک سالی سے نمٹنے کیلئے 100 ملین ڈالر کا منصوبہ اور نیشنل امیونائزیشن سپورٹ منصوبہ جس کی لاگت 50 ملین ڈالر ہے شامل ہیں۔وزیر خزانہ نے اس موقع پر کہا کہ منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو ترقی حاصل ہوگی۔