ایم کیو ایم ارکان کا چالان 14روز میں داخل کرنے کی ہدایت

ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید کا ایم کیو ایم لندن سے لاتعلقی کا اعلان اور فاروق ستار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار میں بیمار ہوں ،مجھے زمین پر بٹھایا جارہا ،عدالتی حکم کے باوجود اسپتال بھی نہیں لے جایا گیا،قمر منصور کا عدالت میں بیان

بدھ 31 اگست 2016 19:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) انسداد دہشت گردی کی منتظم عدالت نے بغاوت، دہشت گردی اور میڈیا ہاوس پر حملے کے کیس میں گرفتار ایم کیو ایم ارکان کے چالان 14روز میں داخل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ملزمان کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔اس موقع پر ایم کیو ایم کے رہنما کنور نوید نے ایم کیو ایم لندن سے لاتعلقی کا اعلان اور فاروق ستار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ۔

ایم کیو ایم کے رہنما قمر منصور، کنور نوید اور شاہد پاشا سمیت 44 کارکنوں کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے منتظم جج کے روبرو پیش کیا گیا ۔عدالت میں ایم کیو ایم رہنما قمر منصور نے استدعا کی کہ میں بیمار ہوں اور مجھے زمین پر بٹھایا جارہا جبکہ عدالتی حکم کے باوجود اسپتال بھی نہیں لے جایا گیا۔

(جاری ہے)

لہذا جیل حکام کو ہدایت کی جائے جس پر عدالت کا کہناتھا کہ پہلے تحریری درخواست دیں پھر حکم جاری کیا جائے گا۔

عدالت کے روبرو تفتیشی افسر نے موقف اختیار کیا کہ گرفتار کئے گئے ملزمان کے قبضے سے 6 ڈنڈے اور 2 راڈز برآمد ہوئے ہیں جس پر عدالت نے تفتیشی افسر کو 14 روز میں چالان پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایم کیوایم رہنماوں اور کارکنوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔منتظم عدالت نے مقدمے کی تفتیش ایس ایس پی انوسٹی گیشن جنوبی عدیل حسین چانڈیو کے سپر د کردی۔

عدالت میں پیشی کے بعد پولیس موبائل میں جیل جاتے ہوئے کنور نوید نے صحافی کے اس سوال پر کہ آپ لندن سیکریٹریٹ کے ساتھ ہیں یا پاکستان کے ساتھ ؟ انہوں نے جواب دیا کہ ہم فاروق ستار بھائی اور پاکستان کے ساتھ ہیں۔ہم ایم کیو ایم اور پاکستان کو مضبوط کریں گے ، ایم کیوایم لندن سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔عدالتی احاطے میں ملزمان کے اہل خانہ بھی بڑی تعداد میں موجود تھے ملزمان کو جیل منتقل کیا گیا تو خواتین زاروقطار رو پڑیں خواتین نے وزیر اعظم اور وزیر اعلی سندھ سے اپیل کی کہ جو ملزمان بے گناہ ہیں انہیں رہا کیا جائے۔