سندھ میں2920مدارس غیر رجسٹرڈ ہیں: حکومت سندھ کی رپورٹ

بدھ 31 اگست 2016 19:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) سندھ حکومت نے صوبے میں دینی مدارس کے حوالے سے رپورٹ مرتب کر لی۔مدارس کے حوالے سے محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے مرتب کی گئی رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں 2 ہزار 920 مدارس رجسٹرڈ ہی نہیں، دس صفحات پر مشتمل رپورٹ کرائم مانیٹرنگ سیل آئی جی آفس کی جانب سے تیار گئی ہے جس کے مطابق سندھ میں کل 9 ہزار 423 مدارس ہیں جن میں سے6 ہزار503 مدارس رجسٹرڈ ہیں جبکہ 2 ہزار 920 غیر رجسٹرڈ ہیں۔

(جاری ہے)

صوبے بھر کے تمام مدارس میں 5 لاکھ 17 ہزار 252 طالب علم دینی تعلیم حاصل کر رہے ہیں، رپورٹ کے مطابق 2 لاکھ 81 ہزار 748 طالب علم رجسٹرڈ مدارس میں دینی تعلیم حاصل کر رہے ہیں جبکہ 2 لاکھ 35 ہزار 510 طالب علم غیر رجسٹرڈ مدارس میں علم حاصل کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق کراچی ڈویژن کے اندر 665 رجسٹرڈ مدارس اور 587 مدارس غیر رجسٹرڈ ہیں جبکہ حیدرآباد ڈویژن میں 380 مدارس رجسٹرڈ اور 234 غیر رجسٹرڈ ہیں۔محکمہ داخلہ سندھ کی رپورٹ کے مطابق کراچی شہر کے مدارس میں دس طالب علم غیر ملکی ہیں جو دینی تعلیم حاصل کر رہے ہیں،محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے کے تمام اضلاع کے دینی مدارس کے حوالے سے رپورٹ مرتب کی ہے جس میں ہر فرقے کے حوالے سے بھی ذکر کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :