میئر کراچی وسیم اختر پر درج 2 تازہ مقدمات میں جے آئی ٹی کی تشکیل کا نو ٹیفکیشن جاری کردیا گیا

سینئر سپرنٹنڈنٹ کی سربراہی میں قائم کی گئی جے آئی ٹی میں تمام حساس اداروں اور رینجرز کا ایک ایک افسر شامل ہوگا

بدھ 31 اگست 2016 19:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) نو منتخب میئر کراچی وسیم اختر پر درج 2 تازہ مقدمات میں جے آئی ٹی کی تشکیل کا نو ٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ، محکمہ داخلہ سندھ نے اعلامیے میں بتایا ہے کہ سینئر سپرنٹنڈنٹ کی سربراہی میں قائم کی گئی جے آئی ٹی میں تمام حساس اداروں اور رینجرز کا ایک ایک افسر شامل ہوگا۔کراچی کے نو منتخب میئر کو اب جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کی تحقیقات سے گزرنا پڑے گا اور ان سے یہ تحقیق ضلع ملیر میں درج کیے گئے 2 حالیہ مقدمات سے متعلق ہوگی۔

وسیم اختر میئر بننے کے بعد بھی گرداب سے نہیں نکل سکے ہیں، گزشتہ روز ہی کراچی کی چابی انہیں دی گئی لیکن جیل سے باہر آنے کی چابی ملنے میں شایدابھی وقت لگے۔وسیم اختر پر قائم مقدمات کی جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ حکومت سندھ نے کیا اوراس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیاگیا ہے ۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کے مطابق ایم کیوایم کے رہنما پر سچل اور ملیر سٹی تھانے میں ریاست پاکستان کے خلاف مجرمانہ سازش، ملکی سالمیت کو نقصان پہنچانے اور انسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج ہیں اور ان ہی الزامات سمیت دیگر پر تحقیقات کی جائے گی ۔

جے آئی ٹی کا سربراہ سندھ پولیس کا سینئر سپرنٹنڈنٹ ہوگا جبکہ اس میں آئی ایس آئی، ایم آئی، آئی بی، اسپیشل برانچ، سندھ رینجرز اور سی ٹی ڈی سے تعلق رکھنے والے گریڈ 18کے افسران شامل ہوں گے۔وسیم اختر سے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم جیل میں ہی تحقیقات کرے گی یا کہیں اور اس کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا ۔

متعلقہ عنوان :