Live Updates

خیبرپختونخوا حکومت نے ہیلتھ انشورنس اسکیم ـــ’’صحت سہولت پروگرام ‘‘کا دائرہ پورے صوبے تک بڑھا دیا

پروگرام کے تحت 18 لاکھ خاندانوں کے تقریباً ڈیڑھ کروڑ لوگوں کی علاج معالجے کی مفت سہولیات فراہم ہونگی وزیر اعلیٰ پرویزخٹک چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ہمراہ اسکیم کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کیا سکیم کے تحت سرکاری ملازمین کو بھی ہیلتھ انشورنس کارڈ ز جاری کئے جائیں گے

بدھ 31 اگست 2016 19:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے مستحق لوگوں کو علاج معالجے کی مفت سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے شروع کردہ ہیلتھ انشورنس اسکیم ’’ صحت سہولت پروگرام ‘‘کے دوسرے مرحلے کاآغاز کردیا جس کے تحت اس پروگرام کادائرہ چار اضلاع سے بڑھا کر پورے صوبے تک بڑھا دیاگیا ۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ہمراہ بدھ کے روز پروگرام کے دوسرے مرحلے کاافتتاح کیا۔ ابتدائی طوپر جرمن بنک کے ایف ڈبلیو کے تعاون سے یہ اسکیم صوبے کے چار اضلاع بشمول ملاکنڈ ،چترال، کوہاٹ اور مردان میں شروع کیاگیاتھا اور اب صوبائی حکومت نے اس اسکیم کو باقاعدہ اپنی سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرکے اس کادائرہ صوبے کے تمام اضلاع تک بڑھایا دیا۔

(جاری ہے)

دوسالہ اس منصوبے پر مجموعی طورپر پانچ ارب روپے لاگت آئے گی جسے باقاعدہ قانونی سازی کے ذریعے مستقل کردیا جائے گا۔ پروگرام کے تحت صوبے کے 18 لاکھ مستحق خاندانوں کو صحت انصاف کارڈ کے نام سے ہیلتھ انشورنس کارڈ جاری کئے جائیں جس کے ذریعے ایک خاندان کے آٹھ افراد سالانہ پانچ لاکھ چالیس ہزار روپے تک علاج معالجے کے مفت سہولیات حاسل کرسکیں گے۔

اسی طرح اس پروگرام کے ذریعے صوبے کے تقریباً ڈیڑھ کروڑ مستحق افراد کو براہ راست فائدہ پہنچ سکے گا۔ علاج معالجے کی یہ مفت سہولیات نامزد کردہ سرکاری اور نجی ہسپتالوں سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ اس پروگرام کے ذریعے صوبے کے عوام کو مفت طبی سہولیات کے ساتھ ساتھ صوبے میں غربت کی شرح میں خاطر خواہ کمی بھی لایا جائے سکے گا۔ اس کارڈ کے تحت حاصل ہونے والے مفت طبی سہولیات میں سرطان، یرقان، کالا یرقان، گردے کی پیوند کاری، دل ،جگر اور گردوں کی بیماریاں ،ذیابطیس، حمل اورزچگی اورحادثاتی چوٹ کے علاوہ ان تمام بیماریوں کا علاج شامل ہے جن کے لئے ہسپتال میں داخلہ ضروری ہوں۔

اس کے علا پروگرام کے تحت ہسپتال میں حمل یازچگی کی صورت میں سفری اخراجات کی مد میں ایک ہزار روپے ،ہسپتال میں داخلے کی صورت میں دوسرے دن سے روزانہ 250 روپے ،ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال میں علاج کے لئے بھیجے جانے اورداخلے کی صورت میں دوہزار روپے سفری اخراجات دیے جائیں گے۔ اگر مریض نامزد کردہ ہسپتال میں دوران علاج موت ہوجائے تو اس کی تجہیز وتکفین کے لئے دس ہزار روپے اد اکئے جائیں گے۔

اسکیم کے تحت ہسپتال میں داخلے کے دوران ہسپتال کے جنرل وارڈ میں داخلہ ،ڈاکٹر اورسرجن کے اخراجات تجویز کردہ ادویات ،آئی سی یو کے اخراجات،بے ہوشی کے ڈاکٹرکی فیس، اپریشن تھیٹر فیس،تشخیص ٹیسٹ وغیرہ کے اخراجات مفت ہونگے۔ اگلے مرحلے میں دیگر مختلف بیماریوں کے مفت علاج کو بھی پروگرام میں شامل کیاجائے گا جبکہ صوبے کے تمام سرکاری ملازمین کو بھی اس اسکیم کے تحت ہیلتھ انشورنس کارڈ جاری کئے جائیں گے۔

پروگرام کے دوسرے مرحلے کی افتتاحی تقریب پشاور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جن کے مہمان خصوصی چیئرمین پی ٹی عمران خان تھے۔ تقریب سے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک ،سینئر صوبائی وزیر صحت شہرام تراکئی، سیکرٹری صحت محمد عابد مجید اوردیگر معززین نے بھی خطاب کیا۔ سپیکر صوبائی اسمبلی اسد قیصر کے علاوہ صوبائی وزراء اراکین صوبائی اسمبلی اور اعلیٰ سرکاری حکام کے علاوہ عوام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات