چیف سیکرٹری پنجاب نے ہسپتالوں میں خالی آسامیاں فوری پْر ، میو ہسپتال اور سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی کی حالت بہتر کرنے کی ہدایت کردی

بدھ 31 اگست 2016 19:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔31 اگست ۔2016ء) چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید نے ہسپتالوں میں خالی آسامیاں فوری پْر کرنے ، میو ہسپتال اور سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی کی حالت بہتر کرنے کی ہدایت کی ہے۔چیف سیکرٹری کیپٹن (ر) زاہد سعید سول سیکرٹریٹ میں ہیلتھ کے مختلف ایشوز پر ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نجم احمد شاہ ، سیکرٹری پرائمری ہیلتھ کیئر علی جان خان سمیت محکمہ ہیلتھ اور محکمہ خزانہ کے اعلٰی افسران بھی شریک تھے۔

چیف سیکرٹری نے حکم دیا ہے کہ لاہور، سرگودھا، گوجرانوالہ اور اوکاڑہ کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور نرسوں کی خالی آسامیاں فوری پْر کی جائیں۔ چیف سیکرٹری نے ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں ایک ایک بیڈ پر چار چار مریضوں کے لیٹنے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ میو اور سروسز ہسپتال کی ایمرجنسی میں اضافی بیڈ مہیا کئے جائیں۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی غیر حاضری کا بھی نوٹس لیا اور حکم دیا کہ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی حاضری یقنی بنانے کے لئے شعبہ آئی ٹی کی مدد حاصل کی جائے۔

چیف سیکرٹری نے ہسپتالوں کی مسنگ سہولتوں کو پْر کرنے کے لئے ایک ماسٹر پلان تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔ چیف سیکرٹری نے ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کو فوری پوسٹ کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ چیف سیکرٹری نے تمام ہسپتالوں کی ایمرجنسی کو جناح ہسپتال کی ایمرجنسی کی طرز پر آرگنائز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

متعلقہ عنوان :