مولانا احمد علی قصوری کی وفات عاشقان مصطفی کے لئے صدمہ ہے ‘پیر معصوم نقوی

مرکز اہل سنت کے امیرگستاخان رسول، منکرین ختم نبوت کے لئے بھی تلوار بے نیام تھے‘جے یو پی کے تعزیتی اجلاس سے خطاب

بدھ 31 اگست 2016 18:34

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء)جمعیت علماپاکستان نیازی کے سربراہ قائد اہل سنت پیر سید محمد معصوم حسین نقوی نے مرکز اہل سنت کے امیر مولانا احمد علی قصوری کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عاشقان مصطفی کے لئے صدمہ قراردیا ہے، مرحوم زندگی بھر مسلک اہل سنت کی صحیح معنوں میں نمائندگی اور دینی علوم کو اجاگر کرنے کا بیڑہ اٹھائے رہے۔

جے یو پی لاہور کے تعزیتی اجلاس سے خطاب میں پیر معصوم نقوی نے کہا کہ مولانا احمد علی قصوری کی تحریک پاکستان، تحریک نظام مصطفی، تحریک ختم نبوت اور قائدین اہل سنت علامہ شاہ احمد نورانی مولانا عبدالستار خان نیازی سے وابستگی ان کی متحرک تنظیمی زندگی کی دلیل ہے۔ مرحوم نے زندگی بھر مسلمانوں کے درمیان اتحاد و وحدت کی ضرورت پر زوردیا اور عملی اقدامات بھی کئے۔

(جاری ہے)

وہ خانہ فرہنگ ایران کے زیر اہتمام عید میلادالنبی اور اہل بیت عظام سے منسوب اکثر پروگراموں میں شریک ہوکر اتحاد بین المسلمین کا عملی ثبوت دیتے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ احمد علی قصوری گستاخان رسول اور منکرین ختم نبوت کے لئے بھی تلوار بے نیام تھے۔ وہ واضح کہتے تھے کہ اہل سنت و جماعت کا فرقہ واریت اور تکفیریت سے کوئی تعلق نہیں، مفاد پرستوں کا ٹولہ سنیوں کو بدنام کرکے اہل سنت کا نام استعمال کررہا ہے۔

نیشنل پلان کی آڑ میں لاوڈ سپیکر کے استعمال اور درود وسلام پڑھنے پر پابندی کے خلاف علامہ احمد علی قصوری نے بھر پور آواز بلند کی اور درباری ملاوں کو سبق بھی سکھایا، جو کبھی مشرف کی فوجی آمریت اور اب نواز شریف شہباز شریف کی سول ڈکٹیٹرشپ کیساتھ دیکر تاثر دینے کی کوشش کرتے کہ وہ ایک عرب ملک کے مفادات کے محافظ ہیں۔