پارٹی قیادت کی مسلم لیگ(ن) کے ورکرز کو3 ستمبر کو ہر حال میں پرامن رہنے کی اپیل

کارکن کسی قسم کی اشتعال انگیزی میں نہ آئیں: پرویز ملک،خواجہ عمران نذیر وعمران گورائیہ

بدھ 31 اگست 2016 18:32

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی پارٹی قیادت نے کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 3 ستمبر کو کسی بھی صورت میں برداشت کا دامن ہاتھ نہ چھوڑیں اورہر حال میں پرامن رہیں۔صدر مسلم لیگ(ن) محمد پرویز ملک،جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر اور سیکرٹری اطلاعات ونشریات عمران علی گورائیہ نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی ہے کہ پارٹی کی مرکز ی قیادت کے فیصلے کے مطابق کسی قسم کی چپقلش یا محاذ آرائی کا موقع نہ آنے دیا جائے۔

پارٹی کارکن کسی قسم کی اشتعال انگیزی نہ آئیں اور ان مٹھی بھر عناصر سے مڈ بھیڑ سے گریز کریں جو اپنے مخصوص سیاسی مقاصد کے لئے امن وامان سے کھیلنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور شہر کے عوام نے 2013 میں بھی احتجاجی سیاست سے لاتعلقی کا اظہارکیا تھا اوراب دوبارہ بھی زندہ دلان لاہور انتشار کی سیاست کا ہر گز ساتھ نہیں دیں گے اور ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کوہر حال میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

پارٹی رہنماؤں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ امن پسند شہری ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے شرپسند عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں اور کسی بھی قسم کی ناگہانی صورتحال میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلع کریں تاکہ پاکستان کی ترقی وخوشحالی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے عزائم کو ناکام کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :