علامہ احمد علی قصوری کی وفات صرف اہل سنت ہی نہیں،تمام مکاتب فکر کے لئے صدمے کا باعث ہے ‘ علامہ سبطین سبزواری

درود وسلام پڑھنے پر پابندی کیخلاف موقف مرحوم کے نڈر خیالات کی عکاسی تھی، حضرت امام خمینی کے مداح تھے‘صدر شیعہ علما کونسل پنجاب

بدھ 31 اگست 2016 18:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری ، سینئر نائب صدر مولانا موسیٰ رضا جسکانی اور جنر ل سیکرٹری مولانا مشتاق حسین ہمدانی نے ممتاز سنی عالم دین علامہ احمد علی قصوری کی وفات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے عالم اسلام خصوصاً اہل سنت مسلک کا عظیم نقصان قراردیا ہے۔

تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ علماء انبیا کے وارث ہیں، جنہوں نے علوم اسلامیہ کو عوام تک پہنچایا اور آج شریعت محمدی تروتازہ شکل میں معاشرے میں موجود نظر آتی ہے، یقینا ایسے معتدل علما کی وفات سے خلا پیدا ہوتا ہے، جسے پورا نہیں کیا جاسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ علامہ احمد علی قصوری کی وفات صرف اہل سنت ہی نہیں،تمام مکاتب فکر کے لئے صدمے کا باعث ہے۔

(جاری ہے)

علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ علامہ احمد علی قصوری سے پروگراموں میں ملاقات ہوتی رہتی تھیں، وہ اپنے مسلک کو واضح انداز میں پیش کرتے تھے، اذان سے پہلے اور بعد درود وسلام پڑھنے پر پابندی کے خلاف ان کی حکمرانوں کے سامنے واضح موقف ان کے نڈر خیالات کی عکاسی کرتے تھے۔انہوں نے کہاکہ قائد ملت ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد علی نقوی کے ساتھ تحریک منہا ج القرآن کے سرپرست علامہ طاہرالقادری کے طے پانے والے اعلامیہ وحدت پر علامہ احمد علی قصوری کے بھی دستخط موجود ہیں، جس سے اندازہ کیا جاسکتا ہے کہ وہ اتحاد بین المسلمین کے بانی ارکان میں سے تھے۔

مرحوم انقلاب اسلامی ایران اور حضرت امام خمینی کے بھی مداح تھے۔ شیعہ رہنماوں نے احمد علی قصوری کے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے لئے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا کی ہے۔

متعلقہ عنوان :