پاکستان میں تبدیلی تب آئیگی جب اشرافیہ مفادات قربان کر یگی‘سیدامخدوم احمد محمود

عمران خان پارٹیاں بدلنے والے تاجر سیاستدانوں کے ساتھ مل کر کیسے نیا پاکستان بنا سکتے ہیں‘سابق گورنر پنجاب

بدھ 31 اگست 2016 18:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء ) سابق گورنر پنجاب و پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ وہ دن اب زیادہ دور نہیں جب بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کو دوبارہ 1970؁ء کی پارٹی بنانے میں کامیاب ہو جائیں گے، عمران خان پارٹیاں بدلنے والے تاجر سیاستدانوں کیساتھ مل کر نیاء پاکستان کیسے بنا سکتے ہیں پیپلز پارٹی پہلے ہی عمران خان کی تحریک میں شامل نہ ہونے کا اعلان کر چکی ہے، پیپلز پارٹی اپنے پلیٹ فارم سے جلسے اور مظاہرے کر کے حکمرانوں کی غلط منفی پالیسیوں، میگاء پراجیکٹس کی آڑ میں ہونے والی کرپشن، انکی گڈگورننس کے دعوؤں اور پانامہ لیکس سمیت انکی انتقامی کارروائیوں کو بے نقاب کریگی ۔

یہ بات انہوں نے پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین کے ہمراہ میڈیا آفس سے جاری مشترکہ بیان میں کہی کہ حکمران ترقیاتی کاموں کی آڑ میں عوام کے خون پسینے کی کمائی دونوں ہاتھوں سے لوٹ کر ذاتی کاروبار کو وسعت دینے میں مصروف ہیں جمہوری حکومت کے دعویداروں کی کارکردگی کا عالم یہ ہے کہ 4 سال سے کھربوں کے خسارے کا بجٹ پیش کیا جا رہا ہے جسکی وجہ سے قرضوں کا پہاڑ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے مہنگائی اور بیروز گاری کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی اجیرن بن کر رہ گئی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کے ترقیاتی کاموں کے باوجود ایک گھنٹہ کی بارش نے لاہور ڈبو دیا واساء سمیت تمام محکمے فلاپ ہو کر رہ گئے ہیں اورنج ٹرین منصوبے کے گڑھوں میں گر کر کئی شہری زخمی ہو نا روزانہ کا معمول بن چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آئین کی بالا دستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے پارلیمان کو بااختیار بنانا ہو گا۔ ملک کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے ۔

ملک و قوم کے مستقبل کے فیصلے صحیح معنوں میں پارلیمان کو جرات مندانہ انداز میں کرنے چاہیں، بے لاگ اور بلا امتیاز احتساب کے لیے وقت کی ضرورت جس سے پارلیمان کی اہمیت اجاگر ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے جو منصوبے اور ترقیاتی کام شروع کر رکھے ہیں ان کی تکمیل کے لیے پر امن ماحول لازم ہے۔ بھارت، امریکہ اور افغانستان کا گٹھ جوڑ اور رویہ حکومت اور پاکستان کے لیے بہت اہم ہے اس وقت جس سی پیک کا ذکر ہے اس کی وجہ سے آج پاکستان اکیلا نظر آتا ہے۔ بھارت کے نریندر مودی پاکستان میں تخریب کاری کروا رہے ہیں ایسے میں اتحاد کی ضرورت بہت بڑ گئی ہے۔ پاکستان میں تبدیلی تب آئیگی جب اشرافیہ ذاتی مفادات قربان کریگی۔