سیاست نیشنل ایجنڈے پر ہوتی ہے، خیبر پختونخواہ کی ترقی پورے پاکستان کی ترقی ہے‘ رفیق رجوانہ

صوبہ خیبر پختونخواہ کے عوام کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ایک عرصے تک دہشت گردی کا نشانہ بننے اور شہادتوں کے باوجود صوبے کے عوام اور تاجر برادری کا عزم و حوصلہ قابل تحسین ہے‘ گورنر پنجاب کا تقریب سے خطاب

بدھ 31 اگست 2016 18:23

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخواہ کے عوام کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں ناقابل فراموش ہیں ایک عرصے تک دہشت گردی کا نشانہ بننے اور شہادتوں کے باوجود صوبے کے عوام اور تاجر برادری کا عزم و حوصلہ قابل تحسین ہے ، خیبر پختونخواہ کے ہنر مندوں کی بنائی ہوئی مصنوعات عالمی معیار کے مطابق ہیں اورقومی سطح پر ان مصنوعات کی نمائشیں قومی یکجہتی کی علامت ثابت ہوسکتی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صنعت و تجارت خیبر پختونخواہ کے زیر اہتمام اسلام آباد میں انڈسٹریل ایکسپو کے موقع پرافتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں برطانیہ ، سر ی لنکا، آرمینہ اوردیگر ممالک کے سفارت کاروں، سینیٹرالیاس احمد بلور، صدر ایوان صنعت و تجارت کے پی کے ذولفقار علی خان،سینئر نائب صدر حماد رشید ، ویمن چیمبر کی صدر فطرت الیاس بلور ، میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز، مختلف اداروں کے سربراہان اور صنعت و تجارت سے وابستہ افراد اور متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہاکہ خیبر پختونخواہ کی ترقی پورے پاکستان کی ترقی ہے اور اﷲ تعالی نے جس طرح صوبہ خیبر پختونخواہ کو معدنیات ، قدرت کے حسین نظاروں ، پہاڑیوں ، وادیوں ، جھیلوں اور محنت کش محب وطن ہنر منداور مہمان نواز افراد سے نوازا ہے ہمیں ان نعمتوں کا قدر کرتے ہوئے ان کا شکر ادا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک جسم اور تمام صوبے اس کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں وزیر اعلی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک کی قیادت میں صوبے کی ترقی کے لئے دعا گو ہوں کیونکہ کسی ایک صوبے کی ترقی پورے ملک کی ترقی کے مترادف ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سیاست نیشنل ایجنڈے پر ہوتی ہے۔ ہر ایک کا اپنا ایجنڈا ہوسکتا لیکن یہ قومی سیاست سے متصادم نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اس وقت تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔

سی پیک کامنصوبہ قومی معیشت میں گیم چینجرکی حیثیت رکھتا ہے ، قومی منصوبوں کی تکمیل اور سیاحت و انڈسٹری کی ترقی سے ملک ترقی کرے گا اس لئے قومی ترقی کے اس عمل میں ہر کسی کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے خیبر پختونخواہ کی مصنوعات کی نمائشوں کو قومی سطح پر انعقاد کے لئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہاکہ یہ امر خوش آئند ہے کہ ایکسپو میں خواتین نے بھی اسٹال لگائے ہیں اور معذور افراد نے بھی دور دراز کے علاقوں سے یہاں سٹال قائم کئے ہیں ۔

گورنر پنجاب نے کہاکہ پاکستان میں ہنر اور معیار کی کمی نہیں اور پاکستانی مصنوعات کو بین الاقوامی پذیرائی حاصل ہے۔ انہوں نے اس موقع پر پشاور میں آرمی پبلک سکول کے بچوں کی قربانیوں کا بھی ذکر کیا اور صوبے میں امن اور دہشت گردی کے خاتمے میں افواج پاکستان ، پولیس ، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افراد اورصوبے کے عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہاکہ آرمی پبلک سکول کے بچوں کی قربانیوں کے صدقے ملک میں ضرب عضب شروع ہوا اوردہشت گردی پر قابو پانے میں مدد ملی۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کا ہم پر قرض ہے اور ہمیں یہ قرض چکانے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ گورنرپنجاب نے کہاکہ خیبر پختونخواہ کے عوام میں جذبے ، آئیڈیاز اور جدت کی کوئی کمی نہیں اور لاکھوں قربانیوں کے بعد اﷲ تعالی پر توکل کرنے اور ہمت سے آج پھر خیبر پختونخواہ میں امن قائم ہوا ہے۔ سینیٹر الیاس احمدبلورنے کہاکہ اسلام آباد میں خوبصورت ایکسپو کا انعقاد ایوان صنعت و تجارت خیبر پختونخواہ کی بڑی کامیابی اوربہترین کاوش ہے۔

ایوان صنعت و تجارت خیبر پختونخواہ ذولفقار علی خان نے کہا کہ اسلام آباد میں ایکسپو کا مقصد سفارت کاروں اور قومی اداروں کو صوبے کے افراد اور اداروں کی مصنوعات سے آگاہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں کاروبار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔اس موقع پر گورنر پنجاب نے ایکسپو کے منتظمین میں شیلڈز تقسیم کیں ۔ قبل ازیں انہوں نے ایکسپو کا افتتاح کیا اور دورے کے دوران نمائش میں لگائے گئے اسٹالوں پر مصنوعات کے اعلی معیار کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :