قوم پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف سازشو ں کو ناکام بنانے کیلئے پر عزم ہے ٗحافظ حفیظ الرحمن

اقتصادی راہداری کے نتیجہ میں گلگت بلتستا ن میں زندگی کے مختلف شعبوں بشمول سیاحت پر انتہائی اچھے اثرات مرتب ہوں گے ٗ خطاب

بدھ 31 اگست 2016 18:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاہے کہ قوم پاک چین اقتصادی راہداری کے خلاف سازشو ں کو ناکام بنانے کیلئے پر عزم ہے ، اقتصادی راہداری پورے خطے کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتی ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو یہاں پاک چین اقتصادی راہداری کے حوالے سے دو روزہ سیمینار کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہاکہ اقتصادی راہداری کے نتیجہ میں گلگت بلتستا ن میں زندگی کے مختلف شعبوں بشمول سیاحت پر انتہائی اچھے اثرات مرتب ہوں گے اور اسی خطے میں ترق اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ گلگت بلتستا ن کے عوام اس منصوبے کی اہمیت سے پوری طرح آگاہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ گلگت کی تمام سیاسی جماعتیں اس منصوبے کی حمایت کررہی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملک کو درست اقتصاد ی سمت میں گامزن کرنے کیلئے وزیر اعظم محمد نواز شریف کے اقدامات کو سراہااور کہاکہ وفاقی حکومت کی پالیسیوں کے نتیجے میں معیشت کے تمام شعبوں پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔حافظ حفیظ الرحمٰن نے کہاکہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سی پیک کی تعمیر پر پریشان ہے ، گلگت بلتستان کی عوام نے 1947ء میں بھی نریندر مودی کے آقاؤں کے خلاف اپنی رائے کا اظہار کیا تھا ، حال ہی میں بھارتی وزیر اعظم کے بیان کو گلگت اور بلتستان کے عوام نے مسترد کردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کے تعاون اور مختلف سکیورٹی ایجنسیوں کے اقدامات کے نتیجے میں گلگت بلتستان میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

متعلقہ عنوان :