مسلم لیگ (ن) بچاؤ تحریک کے وفد کی سابق گورنر کے سردار مہتاب احمد خان سے ملاقات، تحریک ختم کرنے کا اعلان

تمام تنظیمی عہدے معطل ہیں، نئے الیکشن مین اہلیت رکھنے والے ورکروں کو عہدے دیئے جائیں گے سابق گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد کی مسلم لیگ (ن) کے اکابرین سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 31 اگست 2016 18:22

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) سابق گورنر خیبر پختونخوا مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ پارٹی میں کسی کو گروپ بندی کی اجازت ہر گز نہیں دی جائے گی، مسلم لیگ (ن) کے تمام تنظیمی عہدے معطل ہیں، جلد ہی پارٹی کا نیا الیکشن ہو گا جس میں اہلیت رکھنے والے ورکروں کو عہدے دیئے جائیں گے، کارکن اپنے ذاتی اختلافات ختم کر کے پارٹی کو مضبوط اور طاقتور بنائیں۔

وہ گذشتہ روز مسلم لیگ (ن) بچاؤ تحریک کے اکابرین سے ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر کنوینر محمد ساجد اعوان، ملک ربنواز، شیخ تیمور خان، ملک سلیم، ارشد سواتی، ملک منظور، حاجی خانزادہ خان، ملک جہانزیب، صابر تنولی ایڈووکیٹ، اسد تنویر ایڈووکیٹ، ملک اشتیاق، عمران خان کے علاوہ سابق رکن صوبائی اسمبلی سردار شمعون یار خان اور موجودہ رکن صوبائی اسمبلی سردار فرید خان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سردار مہتاب احمد خان نے پارٹی ورکرزاور اکابرین پر زور دیا کہ وہ اپنے اختلافات کو پس پشت ڈال کر مسلم لیگ (ن) کے ہاتھ مضبوط کریں، مسلم لیگ (ن) بچاؤ تحریک کے ذمہ داروں کے گلے شکوے اور موقف درست ہے تاہم ان کو مناسب انداز سے حل کیا جائے گا، تمام ورکرز اور کارکن پارٹی ڈسپلن کا خیال رکھیں۔ انہوں نے پارٹی ورکرز کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کارکنوں کو پارٹی کا سرمایہ اور اثاثہ قرار دیا۔ ملاقات میں مسلم لیگ (ن) بچاؤ تحریک نے سابق گورنر کے سردار مہتاب احمد خان کی یقین دہانیوں کو درست قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ بچاؤ تحریک ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

متعلقہ عنوان :