ٹھوس شواہد نہیں ملے ٗ الیکشن کمیشن نے ایاز صادق کی نااہلی کی درخواست خارج کر دی

بدھ 31 اگست 2016 18:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) الیکشن کمیشن نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صاد ق کی نااہلی کیلئے دائر درخواست خارج کر دی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے ایاز صادق کی نااہلی کیلئے توہین عدالت کی درخواست ٹھوس شواہدنہ ہونے کی بناء پر خارج کر دی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ شہری وحید کمال نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سپیکر ایاز صادق نے میڈیا پر بات کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دیں جو توہین عدالت کے زمرے میں آتاہے جس پر انہیں نااہل قرار دیا جائے ٗدرخواست پر الیکشن کمیشن نے کہا کہ میڈیا پر بہت سے واقعات ہوتے ہیں مگر الیکشن کمیشن ہر واقعے کا نوٹس نہیں لے سکتی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے شہری کی درخواست ٹھوس شواہد نہ ہونے کی بناء پر خارج کر دی ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اس سے قبل این اے 122سے عوامی تحریک کے ناکام امیدوار اشتیاق چوہدری کی جانب سے بھی ایاز صاد ق کی نااہلی کیلئے درخواست دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ ن لیگ نے اپنے امیدوار سردار ایاز صادق کو جتوانے کیلئے سرکاری مشینری کا بے دریغ استعمال کیا.وفاقی وزراء نے کھلم کھلادھاندلی کرتے ہوئے ووٹرز کو طرح طرح کے لالچ دئیے. انتخابات کے روز ووٹرز لسٹیں تبدیل کر کے تکنیکی دھاندلی کی گئی.بعض پولنگ سٹیشنز پر اپنے پولنگ ایجنٹس کو تاخیر سے پہنچایا جس سے پولنگ کاعمل بروقت شروع نہ ہو سکا اور سینکڑوں ووٹرز ووٹ کا حق استعمال کئے بغیر گھروں کو واپس چلے گئے۔

درخواست میں کہا گیاتھا کہ انتخابی دھاندلی کرنے پر انتخابی نتائج کو کالعدم قرار دیا جائے ٗ سردار ایاز صادق کو بھی نااہل قرار دیا جائے جس پر رجسٹرار الیکشن ٹربیونل نے درخواست پر اعتراض لگا کر واپس کر دی تھی ۔