ڈی جی کے ڈی اے نے گلستان جوہر میں روڈ کٹنگ کا سخت نوٹس لے لیا

گلستان جوہر کا لینڈ کنٹرول ہمارے پاس ہے لہٰذا ریونیو کی وصولی کا اختیار بھی ہمارا ہے،سید ناصر عباس

بدھ 31 اگست 2016 18:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی سید ناصر عباس نے گلستان جوہر میں روڈ کٹنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے علاقہ کے ایگزیکٹو انجینئر اور دیگر عملہ کوتنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلستان جوہر کا لینڈ کنٹرول ہمارے پاس ہے لہٰذا ریونیو کی وصولی کا اختیار بھی ہمارا ہے اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گلستان جوہر ڈویژن کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر فنانس شمیر احمد خان، ڈائریکٹر پرچیز راؤ طارق، سیکریٹری کے ڈی اے توفیق سومرو، ڈائریکٹر ایڈمن محمد عالم، چیف سیکورٹی آفیسر کیپٹن (ر) الطاف حسین سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈی جی کے ڈی اے نے دورہ کے موقع پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اسٹاف کو یہاں سے منتقل کرنے کے لئے لیگل نوٹس جاری کرنے کے احکامات دیتے ہوئے ہدایت کی کہ اس میں ملوث افسران کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے لئے تمام تر اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں جب ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات گلستان جوہر کے ڈویژن آفس پہنچنے تو انہوں نے تمام دفاتر کا دورہ کرتے ہوئے حاضری رجسٹر چیک کیا اور ہدایت کی کہ افسران اور عملہ کی حاضری یقینی بنائی جائے اور یہاں کے مسائل حل کرنے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ انجینئر بابر بشیر نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ یہاں کے مسائل حل کرنے کے لئے حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے اور اگلے چند روز میں یہاں مثبت تبدیلیاں اور نمایاں بہتری دیکھنے کو ملے گی۔

متعلقہ عنوان :