پاک بحریہ کے بیڑے میں تیسرے جدید اے ٹی آر ائیر کرافٹ اور بغیر پائلٹ اڑنے والا سکین ایگل ایریل سسٹم کی شمولیت

پاک بحریہ میں اے ٹی آر ائیر کرافٹ اور سکین ایگل یو اے وی سسٹم کا اضافہ نئی دفاعی صلاحیتوں کے حصول میں ایک اہم پیش رفت ہے، ایڈمرل محمد ذکاء اللہ

بدھ 31 اگست 2016 18:03

اسلام آباد ۔ 31 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔31 اگست ۔2016ء) پاک بحریہ نے اپنے بیڑے میں تیسرا جدید اے ٹی آر ائیر کرافٹ اور بغیر پائلٹ اڑنے والا سکین ایگل ایریل سسٹم شامل کر لیا جس سے پاک بحریہ کی آپریشنل استعداد اور رسائی میں اضافہ ہو گا۔ اس سلسلے میں بدھ کوایک پر وقار تقریب پی این ایس مہران میں منعقد ہوئی ۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

تقریب میں پاک بحریہ کے سینئر افسران اور اعلی فوجی اور سول حکام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے کہا کہ پاکستان نیول ایوی ایشن کا قیام ستر کی دہائی میں عمل میں آیا اور اس وقت سے نیول ایوی ایشن نے ترقی اور کامیابی کاایک طویل سفر طے کیا ہے۔

(جاری ہے)

اے ٹی آر ائیر کرافٹ کی شمولیت پاکستان نیوی ایوی ایشن وژن 2030 کا ایک حصہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے خطے کا پیچیدہ اور غیر یقینی میری ٹائم ماحول اس امر کا متقاضی ہے کہ پاک بحریہ روا یتی خطرات سے نبرد آزما ہونے اور میری ٹائم سیکیورٹی کے حوالے سے مزیدبڑھتے ہوئے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہے ۔ اس سلسلے میں نیول ایوی ایشن تمام خطرات سے نبردآزما ہونے کے لیے بلا شبہ بحری بیڑے کا ایک لازمی جزو ہے۔

پاک بحریہ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ میں سکین ایگل یو اے وی سسٹم کا اضافہ نئی دفاعی صلاحیتوں کے حصول میں ایک اہم پیش رفت ہے ۔ اس سے یقیناً پاک بحریہ کی انٹیلی جنس ‘نگرانی ‘ اور دیگر آپریشنل امور کی انجام دہی کی صلاحیت میں اضافہ ہو گا اور پاک بحریہ ایک نئے دور میں داخل ہوجائے گی ۔ یہ ائیر کرافٹ پوری ساحلی پٹی بشمول کریکس ایریا کی 24گھنٹے نگرانی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اے ٹی آر ائیر کرافٹ جدید اور وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والے ٹربو پراپ پلیٹ فارم ہیں جو ٹکراو سے بچاو کے جدید نظام( Collision avoidance system) ،آٹو پائلٹ اور اعلیٰ کارکردگی کے حامل 6 بلیڈڈ پروپیلرز سے لیس ہیں۔ زمین پر اس ائیر کرافٹ کی اوسط سپیڈ250 ناٹس ہے جبکہ یہ 6 گھنٹے تک مسلسل پرواز کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔ پاک بحریہ کے فضائی بیڑے میں اے ٹی آر ائیر کرافٹ کا اضافہ پاک بحریہ کے فضائی آپریشنز کی صلاحیت بڑھانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے جس کی بدولت سمندر میں میری ٹائم آپریشنز کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی ۔