پیمرا نے کیبل پر غیر قانونی دکھائے جانے والے بھارتی چینل اور ڈی ٹی ایچ پر پابندی عائد کردی

قانون کے مطابق نجی ٹی وی چینلز کو 24گھنٹے میں 10فیصد غیر ملکی مواد نشر کرنے اور کیبل آپریٹرز کو دو سے پانچ تک سی ڈی چینلز چلانے کی پابندی کی ہدایت ٹی وی چینلز 15اکتوبر تک غیر ملکی مواد قانون کے مطابق نشر کرنے کو یقینی بنائیں ، خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہو گی،پاکستانی ڈی ٹی ایچ اکتوبر میں لانچ ہو گا، ہر سال کروڑوں روپے کا سرمایہ بھارت منتقل ہورہاہے، روک تھام کیلئے وزرائے اعلیٰ،ایف بی آر،سٹیٹ بنک اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں،چیئرمین پیمراکی میڈیا سے گفتگو

بدھ 31 اگست 2016 18:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔31 اگست ۔2016ء ) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) نے کیبل پر غیر قانونی طور پر دکھائے جانے والے بھارتی چینل اور بھارتی ڈی ٹی ایچ پر پابندی عائد کردی جبکہ قانون کے مطابق پرائیویٹ ٹی وی چینلز کو 24گھنٹے میں 10فیصد غیر ملکی مواد نشر کرنے اور کیبل آپریٹرز کو دو سے پانچ تک سی ڈی چینلز چلانے کا پابند کیا ہے۔

چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے کہا ہے کہ ٹی وی چینلز 15اکتوبر تک غیر ملکی مواد قانون کے مطابق نشر کرنے کو یقینی بنائیں ، جسکے بعدخلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی،پاکستانی ڈی ٹی ایچ اکتوبر میں لانچ کردیا جائے گا،پاکستان میں تقریباً 30لاکھ غیر قانونی بھارتی ڈی ٹی ایچ ہیں اور ہر سال کروڑوں روپے کا سرمایہ بھارت منتقل ہورہاہے،جس کی روک تھام کیلئے صوبائی وزرائے اعلیٰ،ایف بی آر،سٹیٹ بنک اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو پیمرا ہیڈکوارٹر زمیں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔چیئرمین پیمراابصار عالم نے کہا کہ آج پیمرا گورننگ بورڈ میں چار اہم فیصلے ہوئے ہیں۔ پاکستان میں بھارتی ڈراموں،فلموں اور اشتہاروں پر مبنی مواد 2005-6 میں پرویز مشرف نے پاکستان میں چلانے کی اجازت دی،جس پر ابھی تک کسی بھی چیئرمین پیمرانے ایکشن نہیں لیا تھا ہم نے اس حوالے سے ایک جامع پالیسی بنائی ہے،جس کے تحت پرائیویٹ ٹی وی چینلز 24گھنٹے میں صرف 10فیصد غیرملکی مواد نشرکرسکتے ہیں،جس میں 6فیصد بھارتی اور 4فیصد دیگر غیر ملکی مواد شامل ہے،پروائیویٹ ٹی وی چینلز 15اکتوبر تک اس حوالے سے اپنے پروگرام مرتب کریں جس کے بعد خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت سے سخت سزائیں دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کیبل آپریٹرز پر غیر قانونی طور پر بھارتی چینلز دکھانے پر پابندی لگا رہے ہیں،اس حوالے سے بھی کیبل آپریٹرز کو 15اکتوبر تک کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج سے بھارتی ڈی ٹی ایچ پر پابندی لگادی ہے،پیمرا پہلے مرحلے میں بھارتی ڈی ٹی ایچ ایکسپوٹرز ،سپلائرز اور فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف ایکشن لے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تقریباً تین ملین بھارتی ڈی ٹی ایچ ہیں اور پاکستان سے ہر سال کروڑوں روپے بھارت منتقل ہورہے ہیں ،اس کے علاوہ پیمرا پی ٹی اے ،انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ مل کربھارتی ڈی ٹی ایچ کی پیمنٹ ادائیگی کے خلاف بھی ایکشن لے رہا ہے،ویب سائیٹ اور موبائل فون کے ذریعے پیسے ٹرانسفر کرنے والوں کے خلاف بھی ایکشن لے رہے ہیں،اس کے علاوہ بھارتی ڈی ٹی ایچ کی ادائیگیوں کی روک تھا م کیلئے تما م وزیراعلیٰ ،ایف بی آر اور گورنر سٹیٹ بنک کو بھی خط لکھ رہے ہیں کہ غیر قانونی طور پر پیسوں کی منتقلی کو روکا جائے،بھارتی ڈی ٹی ایچ کے پیچھے بہت بڑی مافیا بیٹھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ڈی ٹی ایچ کی بڈنگ 30اکتوبر کو ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں چیئرمین پیمرا نے کہا کہ کشمیر پر ہونے والے بھارتی مظالم کاسخت افسوس ہے ہمارے چینلز پر 160پروگرام نشر ہوتے ہیں مگر افسوس کی بات ہے کوئی ایک پروگرام بھی کشمیر کی موجودہ صورتحال پر نشر نہیں ہوا،کشمیر میں بچوں پر بھارت جو ظلم کر رہا ہے اسے ہمارے میڈیا کو دکھانا چاہیے،ہمارے اینکرز جو آئین اور پارلیمنٹ کی روزانہ دھجیاں بکھیرتے ہیں،کاش کہ وہ کشمیر پر بھی اپنی توجہ دیں،کشمیر میں انسانی حقوق کی جو خلاف ورزیاں ہورہی ہیں وہ ان اینکرز کو نظر نہیں آتیں کیا ۔

متعلقہ عنوان :