وحید اختر انصاری کی زیر صدارت پاکستان بلائنڈز ایسوسی ایشن کی ڈویژنل فوکل پرسنز کمیٹی کا پہلا اجلاس

بدھ 31 اگست 2016 17:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب وحید اختر انصاری کی زیر صدارت پاکستان بلائنڈز ایسوسی ایشن کی ڈویژنل فوکل پرسنز کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کے تمام ڈویژنز کے فوکل پرسنز اور ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسرز نے شرکت کی اجلاس کا مقصد فریقین کو ایک ٹیبل پر اکٹھا کر کے ایسوسی ایشن کے تحفظات سے آگاہی اور ضلعی افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔

اس موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی سوشل ویلفیر نے کہا کہ حکومت پنجاب نابینا افراد کے مسائل پر نہ صرف خصوصی توجہ دے رہی ہے بلکہ ان کے بہت سے مطالبات پورے بھی کر چکی ہے جن میں سرکاری و نیم سرکاری اداروں میں ملازمتوں کے کوٹہ میں 2سے 3فیصداضافہ،عمر کی بالائی حد میں 10سال تک کی خصوصی رعایت،خدمت کار ڈ کا اجراء،پنجاب کے 13اضلاع میں بصری کمزوری کا شکار افراد کے لیے بحالی سینٹرز کے قیام کی منظوری ،سرکاری اداروں میں تعلیمی اخراجات کا خاتمہ ،مفت علاج کی سہولیات ،ہر طرح کی سفری سہولت میں کرایوں میں 50فیصد تک رعایت اور مفت فنی تربیت کے ساتھ ساتھ کاروبار کے آغاز کے لیے بلاسود قرض کے حصول میں معاونت شامل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفیئر نہ صرف اجتماعی بلکہ انفرادی سطح پر بھی خصوصی افراد کی ضروریات کو پورا کر رہا ہے۔ محکمہ کی کوششوں سے اب تک 1509نابینا افراد سرکاری ملازمتیں حاصل کر چکے ہیں تاہم تمام رجسٹرڈ افراد کو ایک ساتھ ملازمت فراہم کرنا ممکن نہیں اس کے لیے ایسوسی ایشن کے ممبران کو تحمل سے کام لینا پڑے گا۔ وحید اختر انصاری نے خصوصی افراد کے نمائندگان کو بتایا کہ محکمہ زیادہ سے زیادہ افراد کو خود کفیل بنانے کے لیے پرائیویٹ سیکٹر کی خدمات لے رہا ہے امید ہے کہ اس حوالے سے جلد ان کی شکایت دور ہو جائیں گی۔

انہوں نے نابینا افراد کو ان کی بینائی کے مطابق ملازمتوں کی فراہمی کو ایک بڑا چیلنج قرار دیا۔بلائنڈ ایسوسی ایشن کی ڈویژنل فوکل پرسنز کمیٹی نے نابینا افارد کے لیے محکمانہ کاوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ محکمہ معذور افراد کے لیے مقرر کردہ 3فیصد کوٹہ میں نابینا افراد کا کوٹہ مخصوص کرے۔ ڈی جی سوشل ویلفیر نے انھیں یقین دلایا کہ ان کی تجویز پر غور کیا جائے گا۔ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے گزشتہ روز لاہور کے ایک مقامی اخبار میں بلائنڈ ایسوسی ایشن کی پریس کانفرنس کے حوالے سے چھپنے والی خبر کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ اس قسم کے بلا جواز مطالبات سے ایسوسی ایشن کا کوئی تعلق نہیں۔

متعلقہ عنوان :