پاک بحریہ کے بیڑے میں اے ٹی آر ائیر کرافٹ اور سکین ایگل ایریل سسٹم کی شمولیت

نیول ایوی ایشن کا قیام ستر کی دہائی میں عمل میں آیا ،اس وقت سے نیول ایوی ایشن نے ترقی اور کامیابی کاایک طویل سفر طے کیا ،ایڈمرل ذکاء اﷲ

بدھ 31 اگست 2016 17:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء)پاک بحریہ نے اپنے بیڑے میں تیسرا اسٹیٹ آف دی آرٹ اے ٹی آر ائیر کرافٹ اور بغیر پائلٹ اڑنے والا سکین ایگل ایریل سسٹم شامل کر لیاجس سے پاک بحریہ کی آپریشنل استعداد اور رسائی میں اضافہ ہو گا۔ اس سلسلے کی ایک پر وقار تقریب بدھ کو پی این ایس مہران میں منعقد ہوئی ، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اﷲ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

اے ٹی آر ائیر کرافٹ جدید اور وسیع پیمانے پر استعمال ہونے والے ٹربو پراپ پلیٹ فارم ہیں جو اسٹیٹ آف دی آرٹ Collision avoidance system ،آٹو پائلٹ اور اعلیٰ کارکردگی کے حامل 6 بلیڈڈ پروپیلرز سے لیس ہیں۔ زمین پر اس ائیر کرافٹ کی اوسط ا سپیڈ250 ناٹس ہے جبکہ یہ 6 گھنٹے تک مسلسل پرواز کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

پاک بحریہ کے فضائی بیڑے میں اے ٹی آر ائیر کرافٹ کا اضافہ پاک بحریہ کے فضائی آپریشنز کی صلاحیت بڑھانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے جس کی بدولت سمندر میں میری ٹائم آپریشنز کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے کہا کہ پاکستان نیول ایوی ایشن کا قیام ستر کی دہائی میں عمل میں آیا اور اس وقت سے نیول ایوی ایشن نے ترقی اور کامیابی کاایک طویل سفر طے کیا ہے۔ اے ٹی آر ائیر کرافٹ کی شمولیت پاکستان نیوی ایوی ایشن وژن 2030 کا ایک حصہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے خطے کا پیچیدہ اور غیر یقینی میری ٹائم ماحول اس امر کا متقاضی ہے کہ پاک بحریہ روا یتی خطرات سے نبرد آزما ہونے اور میری ٹائم سیکیورٹی کے حوالے سے مزیدبڑھتے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہے ۔

اس سلسلے میں نیول ایوی ایشن تمام خطرات سے نبردآزما ہونے کے لیے بلا شبہ بحری بیڑے کا ایک لازمی جزو ہے۔ سربراہ پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ میں سکین ایگل UAV سسٹم کا اضافہ نئی دفاعی صلاحیتوں کے حصول میں ایک اہم پیش رفت ہے ۔ اس سے یقینا پاک بحریہ Intelligence, Surveillance & Reconnaissance اور دیگر آپریشنل امور کی انجام دہی کی صلاحیت میں اضافہ ہو گا اور پاک بحریہ ایک نئے دور میں داخل ہوجائے گی ۔ یہ ائیر کرافٹ پوری ساحلی پٹی بشمول کریکس ایریا کی 24گھنٹے نگرانی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔تقریب میں پاک بحریہ کے سینئر افسران اور اعلی فوجی اور سول حکام کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔