حناء پرویز بٹ نے پنجاب اسمبلی میں جعلی عاملوں‘ جادو گروں اور نجومیوں کی کارستانیوں کیخلاف تحریک التوا جمع کروا دی

بدھ 31 اگست 2016 17:39

لاہور۔31 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔31 اگست ۔2016ء ) رکن پنجاب اسمبلی حناء پرویز بٹ نے جعلی عاملوں‘ جھوٹے جادو گروں اور نجومیوں کی کارستانیوں کے خلاف تحریک التوا پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی، حکومتی رکن کی جانب سے بدھ کے روز پنجاب اسمبلی میں پیش کی گئی تحریک میں کہا گیا ہے کہ مقامی اخبار کی خبر کے مطابق پنجاب بھر میں جگہ جگہ جعلی عامل اور نجومیوں نے ڈیرے جما رکھے ہیں جن کی وجہ سے ہنستے بستے گھر برباد ہونے لگے ہیں۔

لاہور سمیت پنجاب بھر میں جعلی عاملوں، جھوٹے جادو گروں اور نجومیوں کی کارستانیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں اور یہ شیطان کے پیرو کار جادوگر کالے علم کی کاٹ پلٹ اور جادو ٹونے کے نام پر مقدس قرآنی آیات کا تقدس پامال کرتے ہیں مگر انتظامیہ ان جعلی عاملوں اور جھوٹے جادو گروں کیخلاف کارروائی کرنے سے گریزاں نظر آتی ہے، جعلی عامل نجومیوں نے پیسہ اکٹھا کرنے کی غرض سے سیدھے سادھے لوگوں کو پھنسا کر لوٹنا شروع کیا ہوا ہے‘ان پڑھ جاہل لوگ بالخصوص خواتین جعلی عاملوں کے ہتھے چڑھ کر غیر اسلامی حرکات کی مرتکب ہو رہی ہیں۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ان جعلی پیروں نے موبائل میں لوگوں سے بیلنس لوڈ کروا کر آن لائن دم کروانے کا نیا طریقہ بھی ایجاد کیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ پرائز بانڈ نمبر دینے کی آڑ میں پیسے بٹورے جارہے ہیں‘ اس طرح کے جھوٹے اور مکروہ کاروبار کرنیوالے جعلی پیر اور عامل ہمارے اسلامی معاشرے کیلئے ناسور ہیں جن کا خاتمہ ازحد ضروری ہے لیکن ان کیخلاف ایکشن نہیں لیا گیا‘ ان جعلی عاملوں اور پیروں کے مکروہ دھندے سے پڑھے لکھے اور سمجھدار لوگوں میں شدید غصہ اور اضطراب پایا جاتا ہے۔حکومت کی جانب سے جواب نہ آنے پر تحریک اگلے سیشن کیلئے ملتوی کر دی گئی۔