مسلم لیگ ن کے امیدوارکے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر، کیس کی سماعت کیلئے فل بنچ تشکیل ، الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری

بدھ 31 اگست 2016 17:36

لاہور۔31 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔31 اگست ۔2016ء ) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ساہیوال میں ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدوارکے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف درخواست پر سماعت کے لیے فل بنچ تشکیل دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے مسلم لیگ ن کے امیدوار زاہد اقبال کی درخواست پر سماعت کی جس میں درخواست گزار مسلم لیگ ن کے رہنما نے اپنے کاغدات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا۔

درخواست میں بتایا گیا کہ ساہیوال میں ضمنی انتخابات کے لیے درخواست زاہد اقبال نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے لیکن ان کے کاغذات کو مسترد کرکے انہیں نااہل قرار دیا گیا۔ درخواست میں اعتراض اٹھایا گیا کہ ریٹرننگ آفیسر نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کئے۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ ریٹرننگ آفیسر کے فیصلے کو کالعدم قرار دیکر درخواست گزار کو ضمنی انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے۔