حناء پرویز بٹ کی ڈبہ پیروں‘ جادو گروں اور نجومیوں کی کارستانیوں کیخلاف تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں پیش کر دی گئی

پنجاب بھر میں جگہ جگہ جعلی عامل اور نجومیوں نے ڈیرے جما رکھے ہیں جن کی وجہ سے ہنستے بستے گھر برباد ہونے لگے ہیں‘تحریک کا متن

بدھ 31 اگست 2016 17:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹکی ڈبہ پیروں‘ جادو گروں اور نجومیوں کی کارستانیوں کیخلاف تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں پیش کر دی گئی۔ حکومتی رکن کی جانب سے بدھ کے روز پنجاب اسمبلی میں پیش کی گئی تحریک میں کہا گیا ہے کہ مقامی اخبار کی خبر کے مطابق پنجاب بھر میں جگہ جگہ جعلی عامل اور نجومیوں نے ڈیرے جما رکھے ہیں جن کی وجہ سے ہنستے بستے گھر برباد ہونے لگے ہیں۔

لاہور سمیت پنجاب بھر میں ڈبہ پیروں‘ جھوٹے جادو گروں اور نجومیوں کی کارستانیاں عروج پر پہنچ چکی ہیں اور یہ شیطان کے پیرو کار جادوگر کالے علم کی کاٹ پلٹ اور جادو ٹونے کے نام پر مقدس قرآنی آیات کا تقدس پامال کرتے ہیں مگر انتظامیہ ان جعلی عاملوں اور ڈبہ پیروں کیخلاف کارروائی کرنے سے گریزاں نظر آتی ہے۔

(جاری ہے)

جعلی عامل نجومیوں نے پیسہ اکٹھا کرنے کی غرض سے سیدھے سادھے لوگوں کو پھنسا کر لوٹنا شروع کیا ہوا ہے‘ان پڑھ جاہل لوگ بالخصوص خواتین جعلی عاملوں کے ہتھے چڑھ کر غیر اسلامی حرکات کی مرتکب ہو رہی ہیں۔

علاوہ ازیں ان جعلی پیروں نے موبائل میں لوگوں سے بیلنس لوڈ کروا کر آن لائن دم کروانے کا نیا طریقہ بھی ایجاد کیا ہے اور ساتھ ہی ساتھ پرائز بانڈ نمبر دینے کی آڑ میں اچھی خاصی دہاڑیاں بنا رہے ہیں‘ اس طرح کے جھوٹے اور مکروہ کاروبار کرنیوالے جعلی پیر اور عامل ہمارے اسلامی معاشرے کیلئے ناسور ہیں جن کا خاتمہ ازحد ضروری ہے لیکن انتظامیہ ان کیخلاف سخت ترین ایکشن لینے میں بری طرح ناکام ہے‘ ان جعلی عاملوں اور پیروں کے مکروہ دھندے سے پڑھے لکھے اور سمجھدار لوگوں میں شدید غصہ اور اضطراب پایا جاتا ہے۔حکومت کی جانب سے جواب نہ آنے پر تحاریک اگلے سیشن کیلئے ملتوی کر دی گئی۔