Live Updates

عوام کو پر امن احتجاج کے لئے سڑکوں پر لائیں گے ، عمران خان 3ستمبر کو فائنل راؤنڈ کا اعلان کریں گے‘ میاں محمود الرشید

احتساب ریلی کا سن کر حکمرانوں کی نیندیں اڑ گئیں ،بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ، تمام اپوزیشن جماعتوں کو ریلی میں شرکت کی دعوت دی ہے

بدھ 31 اگست 2016 17:29

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔31 اگست ۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ عوام کو پر امن احتجاج کے لئے سڑکوں پر لائیں گے ، عمران خان 3ستمبر کو فائنل راؤنڈ کا اعلان کریں گے، احتساب ریلی کا سن کر حکمرانوں کی نیندیں اڑ گئی ہیں اور وہ بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں ، تمام اپوزیشن جماعتوں کو ریلی میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔

پنجاب اسمبلی کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب سے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 3ستمبر کے احتساب مارچ کا اعلان کیا گیا ہے حکمرانوں کی نیندیں اڑ گئی ہیں ،رانا ثناء اﷲ بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر الٹے سیدھے بیان دے رہے ہیں،پہلے انہوں نے رینجرز کے بارے میں غلط بیان دیا جو کہ اگلے دن واپس لینا پڑا، انہوں نے کہا تھا کہ ایم کیو ایم کے دفاتر حکومت نے نہیں بلکہ رینجرز نے مسمار کیے ہیں لیکن جب وزیر اعلیٰ سندھ کی وضاحت آئی کہ دفاتر میرے حکم پر گرائے گئے ہیں تو ان کو بیان واپس لیناپڑا ۔

(جاری ہے)

محمود الرشید نے کہا کہ ہمارے احتساب مارچ میں تاجر ، وکلاء ، سول سوسائٹی ، مزدور ، کسان اور ہر مکتبہ فکر کے لوگ شامل ہوں گے ،لوگوں کی تعداد لا کھوں میں ہو گی،ہم نے احتساب کیلئے تمام متعلقہ فورم استعمال کیے ، ہم الیکشن کمیشن گئے ، سپریم کورٹ گئے لیکن ہمیں کہیں سے بھی انصاف نہیں ملا، جس کی وجہ سے مجبور ہو کر احتجاج کا راستہ اپنا یا گیا ہے ،احتجاج کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ق) ، پاکستان عوامی تحریک،جماعت اسلامی سمیت پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی شرکت کے مثبت اشارے دئیے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شہرکی گلیوں میں پانی کھڑے ہونے کے ذمہ دار حکمران ہیں ،250ارب کی اورنج ٹرین بنائی جا رہی ہے لیکن شہر کا بنیادی انفراسٹرکچر آج بھی وہی ہے ،جو سیوریج سسٹم 30لاکھ آبادی کیلئے بنایا گیاتھا وہی آج ڈیڑھ کر وڑ آبادی کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے ، تو پھر مسائل تو پیدا ہو ں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پر امن احتجاج کے لئے عوام کر سڑکوں پر لائیں گے اور 3ستمبر کو عمران خان فائنل راؤنڈ کا افتتاح کریں گے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات