سورج مکھی کی فصل کی برداشت بروقت کریں،چوہدری صلاح الدین

بدھ 31 اگست 2016 16:40

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء) ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ڈائریکٹر تیلدار اجناس چوہدری صلاح الدین نے کاشتکاروں کو سفارش کی ہے کہ وہ سورج مکھی کی فصل کی برداشت بروقت کریں۔ سورج مکھی کی برداشت کا عمل بڑی محنت اور احتیاط سے کریں کیونکہ اس عمل میں کسی قسم کی کوتاہی پیداوار کو بری طرح متاثر کرسکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ جب سورج مکھی کے پھول کی پشت کا رنگ سبز سے سنہری، پھولوں کی پتیاں خشک اور سبز پتیاں بھوری ہوجائیں تو فصل کے پھولوں کو درانتی سے کاٹ کر دو سے تین دنوں کے دوران زمین سے ایک فٹ اونچے بنائے گئے چبوتروں پر پھیلا دیں ۔

اس کے بعد تھریشر سے گہائی کریں۔ اگر فصل تھوڑی ہوتو پھولوں کی کٹائی کے بعد ان کو خشک کرکے ڈنڈوں سے کوٹ کر دانے علیحدہ کرلیں۔

(جاری ہے)

سورج مکھی کے دانوں کو دھوپ میں اچھی طرح خشک کریں۔زیادہ رقبوں پر کاشتہ فصل کی برداشت کے لیے کمبائن ہارویسٹر کااستعمال کریں۔ فصل قبل ازوقت برداشت کرلیں تو دانے پچک جاتے ہیں ، وزن میں کمی آجاتی ہے اور کوالٹی بری طرح متاثر ہوتی ہے۔اسی طرح اگر فصل پکنے کے بعد بروقت برداشت نہ کی جائے تو فصل کے گرنے اور پرندوں کے کھانے کی وجہ سے نقصان کا احتمال ہوتا ہے۔دیر تک کھڑی فصل میں بارش ہونے کی صورت میں سورج مکھی کے بیجوں کو پھپھوندی لگنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔بیج کو اچھی طرح صاف کرکے نئے باردانہ میں ڈال کر فروخت یا ذخیرہ کریں۔