ملتان، زیر حراست ملزمان پولیس تھانہ لوہاری گیٹ کے انسپکٹر اکرم کمبوہ کی کار لے کر فرار

بدھ 31 اگست 2016 16:39

ملتان(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء) پولیس تھانہ لوہاری گیٹ کے زیر حراست چار نامعلوم اشتہاری ملزمان بدھ کے روز دن دھاڑے ایس ایچ او تھانہ لوہاری گیٹ انسپکٹر اکرم کمبوہ کی کلٹس کارنمبر LEB-4909 تھانہ مظفر آباد کا علاقہ پل چناب سے لے کرڈیرہ غازی خان کی جانب فرار ہو گئے۔آر پی او ملتان سلطان اعظم تیموری نے پولیس حراست سے فرار ہونے والے چاروں ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات دیتے ہوئے ناصرف ملتان بلکہ گرد و نواح کے اضلاع میں بھی ناکہ بندی کرا دی ۔

تفصیلات کے مطابق پولیس تھانہ لوہاری گیٹ کا مرتضی نامی اے ایس آئی تھانہ کی گاڑی میسر نہ آنے کے باعث ایس ایچ او تھانہ لوہاری گیٹ ملتان انسپکٹراکرم کمبوہ کی پرائیوٹ کار نمبر LEB-4909میں زیر حراست ملزمان کی نشاندہی پر دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تھانہ مظفر آباد کا علاقہ پل چناب کے قریب پولیس پارٹی کے ہمراہ چھاپہ مارنے گیا تھا کہ اسی دوران ان کے زیر حراست چاروں نامعلوم ملزمان ایس ایچ او تھانہ لوہاری گیٹ ملتان انسپکٹراکرم کمبوہ کی گاڑی لے کر ڈیرہ غازی خان کی جانب فرار ہو گئے جبکہ تھانہ لوہاری گیٹ کا مرتضی نامی اے ایس آئی اور دیگر پولیس اہلکار ان کی زیر حراست فرار ہونے والے ملزمان کا منہ تکتے رہ گئے۔

(جاری ہے)

واقعہ کی اطلاع ملنے پرآر پی او ملتان سلطان اعظم تیموری نے ملتان سمیت گرد و نواح کے اضلاع میں بھی ناکہ بندی کرا دی اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تاہم آخری اطلاعات تک ملزمان کا کوئی پتہ نہ چل سکا ۔ملتان پولیس کے ایک ذرائع کے مطابق تھانہ لوہاری گیٹ کا مرتضی نامی اے ایس آئی ایک موٹر سائیکل چور اور اس کے ساتھیوں کے ہمراہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارنے کو گیا تھا جہاں سے زیر حراست ملزمان پولیس پارٹی کو چکمہ دے کر گاڑی لے کر فرار ہو گئے ۔

اس سلسلہ میں جب ”آن لائن“ ملتان نے تھانہ لوہاری گیٹ کے حکام کے علاوہ ملتان پولیس کے دیگر اعلی حکام اور قائم مقام سی پی او ملتان ڈاکٹر رضوان سے رابطہ کیا تو انہوں نے بھی واقعہ بارے معلومات حاصل کرنے کے بعد تفصیلات بارے بتانے کی آمادگی ظاہر کی تاہم ملتان پولیس کے ذرائع نے اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس واقعہ میں صداقت ہے تاہم ابھی تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :