حکومت پنجاب اور ایل ڈی اے کی بے حسی کے باعث گلبرگ لاہور کے رہائشی خوار ہو رہے ہیں ڈاکٹر مراد راس

بدھ 31 اگست 2016 16:36

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب اور ایل ڈی اے مسلسل بے حسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ قانون کے مطابق رہائشی علاقوں میں کاروباری سرگرمیوں اور کمرشل تعمیرات کی اجازت نہیں ہے مگر گلبرگ کے علاقے میں کمرشل تعمیرات کی جارہی ہیں جبکہ ایل ڈی اے حکام نے بھی بڑ ی بڑی کمرشل عمارتیں تعمیر کرنے کی اجازت دے رکھی ہے جو ایل ڈی اے ایکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 3 سی ظہور الہٰی روڈ پر کمز ٹیوشن سنٹر اور پٹرول پمپ کی تعمیر کی جا رہی ہے رہائشی علاقے میں پٹرول پمپ کی تعمیر کی اجازت نہیں ہے جبکہ ٹیوشن سنٹر کی تعمیر سے پارکنگ اور ٹریفک کے مسائل بڑھیں گے۔ اس کے علاوہ 53 مین گلبرگ میں2 منزلہ کی الاٹ منٹ پر 7 منزلہ پلازہ تعمیر ہو رہے ہیں جس کے ایک طرف لاہور گرائمر سکول اور دوسری طرف کسٹم پبلک سکول ہے جس سے سیکورٹی رسک ہے اور اے پی ایس جیسا واقع رونما ہونے کا خدشہ ہے۔ اسی طرح 24 ڈی ون گلبرگ تھری میں بھی ناجائز تعمیر جاری ہے حکومت پنجاب کے گڈگورننس صرف اشتہارات تک محدود ہے عملی طور پر کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے۔