کشمیری برستی گولیوں کے سامنے پاکستانی پرچم تھامے آزادی کے نعرے بلند کرہے ہیں‘ ابو الہاشم ربانی

بدھ 31 اگست 2016 16:15

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء) جماعة الدعوة لاہور کے مسئول ابو لہاشم ربانی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیوکو دو ماہ ہونے کو آئے مگر آزادی کے متوالوں کا عزم و ہمت ماند نہیں پڑا،وہ برستی گولیوں کے سامنے پاکستانی پرچم تھامے آزادی کے نعرے بلند کرہے ہیں، ترکی اور مصر کے بعد سعودی عرب کی جانب سے کشمیر پر پاکستان کے قومی موقف کی تائید پر کشمیری ان کے شکر گزار ہیں ، پاکستانی پرچم میں کشمیری شہداء کی لپٹی لاشیں دنیا کو بتا رہی ہیں کہ ان کا اصل وطن کون سا ہے، باقی دنیا بھی اپنی آنکھیں کھولے اور مظلوم کشمیریوں کا موقف سمجھیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز القادسیہ میں جماعة الدعوة لاہور کے ذمہ دارن کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

ابوالہاشم ربانی نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر آج اُس بلندی تک پہنچ چکی جہاں وہ اس پہلے کبھی نہیں تھی۔ امریکہ انڈیا کشمیریوں کا قتل اور ان پر ظلم و استبداد کے معاملے میں ایک پیج پر ہیں۔ دہشت گرد انڈین فوج کی جانب سے پیلٹ گن ، پیپر گیس اور مرچی گیس شیل جیسے مہلک ہتھیاروں کے استعمال کے باوجود کشمیریوں کے عزم و حوصلے بلند ہیں۔

کشمیری کسی صورت بھی انڈیا کے غاصبانہ قبضہ قبول کرنے کے لیے تیار نہیں۔ ابوالہاشم ربانی نے کہا کہ امریکا انڈیا معاہدوں کا ایک ہی مقصد ہے کہ پاکستان کو دفاعی اور معاشی طور پر کمزور کر دیاجائے۔ دشمنوں کو پاکستان کا ایٹمی قوت بننا کسی صورت ہضم نہیں ہورہا۔ انڈیا اور امریکہ کے دفاعی معاہدے پاکستان میں دہشت گردی کے فروغ کے لیے ہیں۔ پاکستان کا اپنے قدموں پر کھڑا ہونا اور مسلم دنیا میں اس کا نمایاں ہوتا ہوا کردار امریکہ کو بالکل پسندنہیں آرہا۔ پوری عالم اسلام کو مل کر دشمن کو یہ پیغام دینا چاہیے کہ ہم متحد اور بیدار ہیں۔