صوبے میں طبی شعبے کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں،لیفٹیننٹ جنرل آصف ممتاز سکھیرا

بدھ 31 اگست 2016 16:11

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء ) صوبے میں طبی شعبے کے فروغ کیلئے کوشاں ہیں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ مستقبل کے معمار ملک اور صوبے کا نام روشن کریں ان خیالات کااظہار پاک فوج کے سرجن جنرل ڈی جی ایم ایس (آئی ایس) لیفٹیننٹ جنرل آصف ممتازسکھیرا نے گزشتہ روز کوئٹہ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کوئٹہ کینٹ کے دورہ کے موقع پر فیکلٹی ممبران اورطلباء وطالبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پرپرنسپل پروفیسر ڈاکٹر ارباب عبدالودود، کمانڈنٹ سی ایم ایچ بریگیڈئیر سلمان احمدودیگر بھی موجود تھے۔لیفٹیننٹ جنرل آصف ممتاز سکھیرا نے کہا کہ اساتذہ اورطلباء وطالبات کی مشترکہ محنت سے کالج کا شمار ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں ہوتا ہے جس ترقی اور خوشحالی کا خواب ہم نے دیکھا تھا آج اسکی تعبیر ہوچکی ہے جلد ہی کالج سے فارغ التحصیل ڈاکٹر اندرون وبیرون ممالک اپنی خدمات سرانجام دینا شروع کردینگے جس سے طبی شعبے میں قلت کا خاتمہ کرنے میں مدد ملے گی اور عوام کو معیاری طبی سہولیات میسر آئیں گی طلباء وطالبات تعلیم مکمل کرنے کے بعد اپنے اپنے علاقوں میں عوام کی خدمت کریں تاکہ دوردراز پسماندہ علاقوں میں عوام کو انکی دہلیز پر طبی سہولیات میسر آسکیں۔

(جاری ہے)

دریں اثناء کمانڈنٹ بریگیڈئیر محمد علیم نے سرجن جنرل لیفٹیننٹ جنرل آصف ممتاز سکھیرا کو کالج کے بارے میں بریفنگ دی۔ بعدازاں سرجن جنرل نے بوائز ہاسٹل کا بھی دورہ کیا اور نئے بلاک کاافتتاح کیا۔

متعلقہ عنوان :