اورنج لائن ٹرین منصوبے کے متاثرین کا پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ، معاوضہ دیا جائے ‘ مظاہرین

بدھ 31 اگست 2016 16:10

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء) اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے متاثرین نے معاوضوں کی عدم ادائیگی کے خلاف پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا،مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی ، احتجاج کے باعث مال روڈ پر ٹریفک کا نظام بھی شدید متاثر ہوا اور لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اورنج لائن میٹرو ٹرین کے متاثرین نے پنجاب اسمبلی کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

(جاری ہے)

مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہماری دکانیں اور مکان توڑے گئے مگر معاوضہ نہیں دیا گیا۔پیسے نہ ملنے کی وجہ سے کاروبار برباد ہو گیا ہے جو ان کا واحد ذریعہ معاش تھا وہ بے گھر بھی ہو چکے ہیں۔ مثاہرین نے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بہتر معاوضہ ملے تاکہ انکی زندگی کا گزر بسر اچھی طرح ہو سکے۔احتجاج کے باعث مال روڈ پر ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ حکومتی ارکان مظاہرین کو اس بات پر آمادہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ وہ احتجاج ختم کر دیں۔ حکومتی ارکان نے مظاہرین کو اس بات کا یقین دلایا کہ ان کے مطالبات جلد پورے کیے جائیں گے۔