سابق وفاقی وزیر مملکت اطلاعات و نشریات صمصام علی بخاری کی صحافیوں سے گفتگو

بدھ 31 اگست 2016 15:37

اوکاڑہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء)پی ٹی آئی کے راہنما سابق وفاقی وزیر مملکت اطلاعات و نشریات صمصام علی شاہ بخاری نے کہا ہے کہ ملک سے کرپشن اور اوپر کی بندر بانٹ کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔ چاہے اس کے لئے ہمیں کتنے ہی پاپڑ کیوں نہ بیلنے پڑیں۔ ہماری پارٹی نے یہ عزم کر رکھا ہے کہ جس کسی نے بھی کرپشن سے ہمارے ملک کی دولت بیرون ملک بھجوائی ہے اور جس کسی کا نام بھی پانامہ لیکس میں آیا ہے ہم اسے کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔

وہ سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کا قانون سبھی کیلئے ایک ہوتا ہے خواہ وہ جھونپڑی میں رہتا ہو یا محل میں ۔ عام مزدور ہو یا ملک کا وزیر اعظم سبھی پر قانون کا اطلاق ہوتا ہے مگر یہاں اُلٹی گنگا بہتی ہے ،مزدور کیلئے قانون الگ ہے اور وڈیروں کیلئے الگ۔ انہوں نے مزید کہاکہ 3ستمبر کو عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر اس بات کا غماز ہوگا کہ اب پاکستانی عوام ملک میں تبدیلی چاہتے ہیں۔حکومت نے غیر ضروری پروجیکٹ میں ملک کا اربوں کا سرمایہ جھونک دیا ہے ۔ جس سے عوام کو براہِ راست کوئی فائدہ نہیں ہے ۔ ہم عوام کی طاقت سے حکومت سے اربوں روپے کا حساب لیں گے اور ان سے لوٹی ہوئی رقم واپس لائیں گے۔