وزیر اعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

پائیدار ترقیاتی اہداف کے پروگرام ، بین العلاقائی رابطے کیلئے موٹروہیکل اینڈ ریلویز کے سارک معاہدے سمیت متعدد ایجنڈا آئٹمز کی منظوری

بدھ 31 اگست 2016 15:17

اسلام آباد ۔ 31 اگست (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء) وفاقی کابینہ نے وزیراعظم کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے پروگرام اور بین العلاقائی رابطے کیلئے موٹروہیکل اینڈ ریلویز کے سارک معاہدے سمیت متعدد ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دے دی ہے جبکہ 5روپے کے سکے کی تبدیلی اور 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی منظوری کے علاوہ گردے، جگر، بون میرو ٹرانسپلانٹ اور کینسر سمیت مہلک بیماریوں میں مبتلا غریب اور مستحکم شہریوں کے علاج کے بارے میں بھی فیصلہ کیا گیا، نان فائلرز کے لئے ودہولڈنگ ٹیکس کی کم شرح کی تاریخ میں 31دسمبر 2016ء تک توسیع بھی کر دی گئی ہے ۔

کابینہ کا اجلاس بدھ کو وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیرصدارت ایوان وزیراعظم میں منعقد ہوا ۔کابنیہ نے دوہرے ٹیکس سے گریز اور آمدنی پر ٹیکسوں کے حوالے سے مالیاتی چوری کی روک تھام کیلئے پاکستان اور چین کے درمیان معاہدے پر دستخط کیلئے تیسرے پروٹوکول اور ابتدائی مسودے پر دستخط کی بھی منظوری دی۔

(جاری ہے)

آمدنی پر ٹیکسوں کے حوالے سے دوہرے ٹیکس سے گریز کیلئے پاکستان اورسوئٹزرلینڈ کے درمیان کنونشن پر نظرثانی اور ابتدائی مسودے پر دستخط کی بھی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے ٹیکس قوانین ترمیمی آرڈیننس 2016ء اور پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس کے تعین کی بھی منظوری دی۔ کابینہ نے ری سٹرکچرنگ کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے 13دسمبر 2013ء اور جولائی 2014ء کو منعقدہ اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 26نومبر، 9دسمبر اور 12دسمبر 2014ء کو منعقدہ اجلاسوں میں اس کے فیصلوں کی بھی منظوری دی، کابینہ نے 10اگست، 11اگست ، 17ستمبر اور 2اکتوبر 2015ء کو کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔

کابنیہ کے اجلاس میں کئے جانے والے دیگر فیصلوں میں ٹیکس ڈائریکٹری کی اشاعت، سیلز ٹیکس ایکٹ 1990ء کی شق 2کی ذیلی شق (22اے) کے تحت نوٹیفکیشن اور انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کے بارے میں شق 236پی کے تحت نان فائلرز کے لئے کم کردہ ودہولڈنگ ٹیکس شرح کی تاریخ میں 31دسمبر 2016ء تک توسیع شامل ہیں۔ کابینہ نے 14ستمبر 2016ء کو پیرس میں او ای سی ڈی سیکرٹریٹ میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی طرف سے ٹیکس امور میں باہمی انتظامی معاونت کے بارے میں کثیرالطرفہ کنونشن پر بھی دستخط کی منظوری دی گئی، وفاقی کابنیہ نے 29اگست 2016ء کو اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی بھی توثیق کی۔