حد رفتار سے تجاوز کرنے والے شہریوں کے خلاف کاروائی کیلئے سٹی ٹریفک پولیس کے سپیڈ گن سکواڈز متحرک

بدھ 31 اگست 2016 14:58

فیصل آباد۔31 اگست(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء ) فیصل آباد میں تیز رفتاری کے باعث حادثات کی شرح میں اضافہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے حد رفتار سے تجاوز کرنے والے شہریوں کے خلاف فوری کاروائی کیلئے سٹی ٹریفک پولیس کے سپیڈ گن سکواڈز کو متحرک کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شہری حدود میں اپنی ہر قسم کی چھوٹی و بڑی گاڑیوں کی رفتار 40کلو میٹر فی گھنٹہ تک رکھیں ۔

سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ روزانہ کی بنیادپر کینال روڈ،جھنگ روڈ، سرگودھاروڈ،جڑانوالہ روڈ، سمندری روڈ، شیخوپورہ روڈ ،ستیانہ روڈ سمیت شہرکے دیگر تمام اہم پوائنٹس پر اچانک سپیڈ گن لگا کر تیز رفتار گاڑیوں کی مانیڑنگ کی جارہی ہے نیز تیز رفتاری پر 200روپے سے لے کر 750روپے تک جرمانہ کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ اوور سپیڈنگ پر موٹر سائیکل کو 200روپے ،کار کو 500روپے اور پبلک سروس و لوڈر گاڑیو ں کو 750روپے تک جرمانہ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ بہت زیادہ تیز رفتار گاڑیوں کو ٹریفک سیکٹرز میں بند کرنے کے احکامات بھی جاری کر دئیے گئے ہیں لہٰذا شہریوں کو چاہیے کہ وہ گاڑیوں کو سپیڈ کی مقرر کردہ حدود کے مطابق چلائیں تاکہ نہ صرف حادثات سے تحفظ کو ممکن بنایا جا سکے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین کی پاسداری کو بھی یقینی بنایا جا سکے ۔ انہوں نے بتایا کہ سپیڈ گن کے ذریعے تیز رفتار گاڑی کی رفتار کا جائز ہ کافی دور سے لیا جا سکتا ہے جس کا ریکارڈ بھی اس مشین میں موجود رہتا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اوور سپیڈنگ کی چیکنگ کیلئے کسی بھی سڑک پر اچانک اس تیز رفتار مشین کی تنصیب کسی بھی لمحہ کی جا سکتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :