فہد ملک قتل کیس کے مرکزی ملزم نعمان کھوکھر کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

بدھ 31 اگست 2016 14:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء) اسلام آباد کی انسداد ہشتگردی کی عدالت نے فہد ملک قتل کیس کے مرکزی ملزم نعمان کھوکھر کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ اسلحہ برآمدگی کیس میں ملزم نعمان کھوکھر کی ضمانت منظور کر لی گئی ہے ۔ بدھ کو اسلام آباد کی انسداد ہشتگردی عدالت کے جج سید کوثرعباس نے سابق چیئرمین سینیٹ محمد میاں سومرو کے بھانجے بیرسٹر فہد ملک قتل کیس کی سماعت کی ۔

مرکزی ملزم نعان کھوکھر کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا ۔ تفتیشی افسر نے استدعا کی کہ ملزم سے مزید تفتیش اور کیس کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے نعمان کھوکھر کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے ، ملزم نے اپنے ساتھیوں سے ملکر فہد ملک کو قتل کیا ہے ۔

(جاری ہے)

ملزم نعمان کھوکھر کا میڈیکل نہ کرانے پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے پولیس کو کل تک میڈیکل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ۔

عدالت نے ملزم کا پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزم کو پانچ ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا ۔بعد ازاں غیر قانونی اسلحہ برآمدگی کیس میں ملزم نعمان کھوکھر کو اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ ڈیوٹی جج عبد الحفیظ نے ملزم نعمان کھوکھر کی 50 ہزار روپے مچلے کے عوض درخواست ضمانت منظور کر لی ۔ سماعت کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے ۔

متعلقہ عنوان :