وسیم اختر جیل میں بیٹھ کر کراچی کے امور کیسے چلا سکتے ہیں؟ جسٹس دوست محمد کا سوال

بدھ 31 اگست 2016 14:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء) سپریم کورٹ نے میئر کراچی کے حلف اٹھا لینے کے بعد وسیم اختر کیخلاف درخواست میں ترمیم کی اجازت دیدی جبکہ جسٹس دوست محمد نے کہا ہے کہ میئر کو اہم فیصلے کرنا ہوتے ہیں سرکاری امور جیل سے سرانجام نہیں دیئے جا سکتے ۔ سپریم کورٹ میں جسٹس دوست محمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے میئر کراچی وسیم اختر کو حلف سے روکنے کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

جسٹس دوست محمد نے ریمارکس دیئے کہ میئر کراچی تو اپنے عہدے کا حلف اٹھا چکے ہیں ۔ جسٹس دوست محمد نے کہا کہ سرکاری امور جیل سے سرانجام نہیں دیئے جاسکتے ، تمام معاملات کا قانون کے مطابق جائزہ لیں گے ، میئر کو تو بجٹ سمیت اہم فیصلے کرنا ہوتے ہیں ۔ نجی ٹی وی کے مطابق درخواست گزار نے کہا کہ جرائم پیشہ شخص میئر نہیں بن سکتا وسیم اختر سانحہ 12 مئی سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہے ، میئرکراچی کے حلف اٹھا لینے کے بعد انہیں کام سے روکنے کیلئے درخواست میں ترمیم کی اجازت دی جائے ۔ عدالت نے شاہد غوری کو درخواست میں ترمیم کی اجازت دے دی ۔

متعلقہ عنوان :