چیف جسٹس مسٹر جسٹس انور ظہیر جمالی نے رواں سال 8 ماہ کے دوران 14 واقعات پر ازخود نوٹس لئے

بدھ 31 اگست 2016 14:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء) سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس مسٹر جسٹس انور ظہیر جمالی نے رواں سال 8 ماہ کے دوران 14 واقعات پر ازخود نوٹس لیے سپریم کورٹ میں ساڑھے 14 ہزار سے زائد مقدمات دائر ہوئے۔ترجمان سپریم کورٹ کے مطابق چیف جسٹس انورظہیرجمالی کو سپریم کورٹ کی 8 ماہ کی جائزہ رپورٹ پیش کردی گئی جس میں بتایا گیا کہ یکم جنوری سے 24 اگست 2016 تک سپریم کورٹ میں 14 ہزار 562 مقدمات دائر ہوئے۔

(جاری ہے)

عدالت عظمیٰ میں انسانی حقوق سے متعلق 19 ہزار 253 درخواستیں موصول ہوئیں 12 ہزار 223 مقدمات اور 20 ہزار درخواستیں نمٹائی گئیں۔ترجمان کے مطابق چیف جسٹس پاکستان نے 14 ازخود نوٹس بھی لیے جن میں نیب، سندھ پولیس، محکمہ صحت میں غیر قانونی تقرریوں، ترقیوں، سابق چیرمین ظفرگوندل کے دفاع کے لیے وکلا کو 5 کروڑ روپے کی ادائیگی، مارگلہ ہلز میں اسٹون کرشنگ مافیا کے خلاف، ملک کے مختلف اسپتالوں میں سہولیات کی کمی، سندھ پولیس میں سیاسی مداخلت، ایف آئی اے میں ڈیپوٹیشن افسران سے متعلق از خود نوٹس شامل ہیں۔ ان کیسز کی سماعت کیلئے برانچ رجسٹریز میں بینچ قائم کیے گئے۔ترجمان سپریم کورٹ شاہد کمبوہ کے مطابق چیف جسٹس نے مقدمات نمٹانے کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :