ایم کیو ایم پر پابندی کی درخواست پر سندھ حکومت اور دیگر فریقین سے جواب طلب کرلئے گئے

بدھ 31 اگست 2016 14:16

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء) سندھ ہائی کورٹ نے متحدہ قومی مومنٹ پر پابندی کے حوالے سے درخواست پر صوبائی حکومت اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔بدھ کو چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی کے حوالے سے مولوی اقبال حیدر کی دائر کردہ درخواست کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کا موقف تھا کہ ایم کیو ایم کے بانی ملک دشمن ہیں اس لئے دہشت گردی اور سیکیورٹی ایکٹ کے تحت متحدہ قومی موومنٹ پر مقدمہ درج کرکے پابندی عائد کی جائے، اس کے علاوہ چیئرمین سینیٹ اور قومی و سندھ اسمبلی کے اسپیکر صاحبان کو ایم کیو ایم کے ارکان پارلیمنٹ کی نااہلی کے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجنے کی ہدایت کی جائے۔عدالت عالیہ نے درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد سندھ حکومت، الیکشن کمیشن اور ایم کیو ایم کے ارکان پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلی سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کرلیا ۔

واضح رہے کہ 22 اگست کو کراچی پریس کلب کے باہر ایم کیو ایم کے بانی کی اشتعال انگیز تقریر کے بعد متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی کیلئے لاہور ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں بھی درخواستیں زیر سماعت ہیں۔

متعلقہ عنوان :