ڈی جی محکمہ تحفظ ماحولیات کی تقرری کیس میں چیف سیکرٹری اور ڈی جی سے 19ستمبر تک جواب طلب

بدھ 31 اگست 2016 13:42

لاہور( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء ) لاہور ہائیکورٹ نے ڈائریکٹر جنرل محکمہ تحفظ ماحولیات ڈاکٹر جاوید اقبال کی تقرری کیخلاف دائر درخواست کی سماعت 19ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب اور ڈی جی ماحولیات سے جواب طلب کرلیا ۔گزشتہ روز چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار زبیر خان نیازی کی طرف سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ڈی جی محکمہ تحفظ ماحولیات ڈاکٹر جاوید اقبال کی تقرری میں قواعد و ضوابط کو نظر انداز کیا گیا ہے ۔

استدعا ہے کہ تقرری کو کالعدم قرار دیا جائے۔چیف جسٹس نے ابتدائی سماعت کے بعد چیف سیکرٹری پنجاب اور ڈی جی ماحولیات سے جواب طلب کرتے ہوئے سماعت 19ستمبر تک ملتوی کردی ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاطر محمود نے درخواست پر سماعت سے معذرت کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دی تھی ۔