گھریلو جھگڑے پر بھائی نے فائرنگ کرکے سگے بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا،شادی شدہ خاتون کی خود کشی

بدھ 31 اگست 2016 13:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء) لاہور کے علاقہ اسلام پورہ میں انتہائی افسوسناک واقعہ میں گھریلو جھگڑے پر بھائی نے فائرنگ کرکے سگے بھائی کو موت کے گھاٹ اتار دیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا جبکہ سبزازار کے علاقے میں گھریلوجھگڑے پر ہی ایک شادی شدہ خاتون نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کر لی ۔ بتایا گیا ہے کہ اسلام پورہ میں بدھ کی صبح دو بھائیوں میں جھگڑا ہوا جس پر ملزم عدنان نے اپنے ہی سگے بھائی عرفان پر فائرنگ کردی ۔

(جاری ہے)

فائرنگ کے نتیجے میں عرفان موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں بھائیوں میں اکثر جھگڑا رہتا تھا ، فائرنگ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے بھائی کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی ہے۔دوسری جانب سبزازار کے علاقے میں گھریلو جھگڑے پر 27سالہ حلیمہ نے خود کشی کر لی۔ پولیس کے مطابق حلیمہ نے خاوند اسد سے جھگڑے کے بعد زہریلی گولیاں کھا لیں جسے طبی امداد کے لئے میو ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکی ۔