”ماہ ستمبر میں خوشیوں اور غموں کی داستانیں“

پاک بھارت جنگ ،نائن الیون،جاپان میں بدترین زلزلہ کا واقعہ اسی ماہ رونما ہوا

بدھ 31 اگست 2016 13:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 31 اگست - 2016ء) ستمبر کا مہینہ پاکستان سمیت دنیا بھر کیلئے نہایت اہمیت کا حامل ہے ۔پاکستان میں بھٹو خاندان اور پیپلز پارٹی کیلئے ماہ ستمبر غم اور مسرت کے ملے جلے پیغامات کے سلسلے میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،امریکہ کا نائن الیون،جاپان پر ایٹمی حملے کے بعد ہتھیار ڈالنے کے واقعہ،جاپان کی تاریخ کے بدترین زلزلے سے لاکھوں افراد کی ہلاکتیں،پاک بھارت جنگ سمیت دنیا بھر میں مختلف سانحات وواقعات ماہ ستمبر میں ہی وقوع پذیر ہوئے تھے جبکہ ملک میں جاری سیاسی صورتحال کے باعث ماہ ستمبر کو بہت سے لوگوں کیلئے ” ستم گر “ سمجھا جا رہا ہے ۔

11ستمبر 2001ء کو امریکہ میں ورلڈ ٹریڈ سنٹر اور پینٹا گان کی عمارتوں سے جہاز ٹکرانے کا واقعہ ہوا جس میں ہزاروں افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔

(جاری ہے)

ماہ ستمبر 1945ء کو دوسری جنگ عظیم میں امریکہ کی جانب سے ایٹمی بم گرائے جانے کے بعد جاپان نے ہتھیارڈال دیے تھے۔6ستمبر کو پاک بھارت جنگ ہوئی تھی ماہ ستمبر میں ہی بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح  کی وفات ہوئی جبکہ پاکستان اور یونان 1947ء کو ستمبر کے مہینے میں ہی اقوام متحدہ کے رکن بنے۔

ملکہ ترنم نور جہاں ماہ ستمبر میں پید اہوئیں،پاکستان کی پہلی فلم تیری یاد کا افتتاح ہوا، مدرٹریسا نے وفات پائی،لیڈی ڈیانا نے پاکستان کا دورہ کیا، پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین آصف علی زرداری نے 9ستمبر 2008ء کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔سابق وزیر اعظم پاکستان بے نظیر بھٹو شہید کی والدہ بیگم نصرت بھٹو 21ستمبر1929ء کو برادر اسلامی ملک ایران کے شہر اصفہان میں پیدا ہوئیں نصرت بھٹو کی 8ستمبر 1951ء میں ذوالفقار علی بھٹو کے ساتھ شادی ہوئی۔

ذوالفقار علی بھٹو کے فرزند میر مرتضیٰ بھٹو 18ستمبر 1954ء کو کراچی میں پیدا ہوئے جبکہ 20ستمبر 1996ء کو میر مرتضیٰ بھٹو کو کراچی میں فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا۔ 16 ستمبر 1977ء کو سابق وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کو نواب محمد احمد خان کے قتل کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔28ستمبر2007ء کو محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے انٹر ویو دیتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اس پر قاتلانہ حملہ ہو سکتا ہے۔

محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے بیٹے ،پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری 21ستمبر 1988ء کو پیدا ہوئے جبکہ وہ 2008 ء کو ماہ ستمبر میں اپنے والد آصف علی زرداری کی بطور صدر پاکستان تقریب حلف برداری میں شرکت کی غرض سے پاکستان تشریف لائے۔ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے 20ستمبر 2008ء کو پارلیمنٹ سے بطور صدر پہلی مرتبہ خطاب کیا۔24ستمبر2008ء کو آصف علی زرداری نے امریکہ کی نائب صدارت کی امیدوار سارہ پالن سے ملاقات کی جبکہ انہوں نے بطور صدر چین کا دورہ بھی ستمبر کے مہینے میں کیا تھا۔

آصف علی زرداری سال 2013ء کوستمبر کے مہینے میں ہی مدت صدارت پوری ہونے پر اقتدار سے علیحدہ ہو گئے تھے جبکہ ممنون حسین نے ماہ ستمبر میں ہی صدارت کا عہدہ سنبھالا ۔ماہ ستمبر کے مہینے میں پاک بھارت جنگ کا آغاز ہوا، مسلح افواج کے ایام یوم فضائیہ،یوم بحریہ اور یوم دفاع منائے جاتے ہیں ماہ ستمبر 2007ء کو نواز شریف جلاوطنی ختم ہونے پر وطن واپس آئے جبکہ ماہ ستمبر میں سکھوں کے مذہبی پیشوا بابا گورونانک کی وفات ہوئی تھی،ماہ ستمبر میں نیلسن منڈیلا صدر منتخب ہوئے،معروف پاکستانی افسانہ نگار اشفاق احمد کی وفات ہوئی،میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر نے جام شہادت نوش فرمایا،مایہ ناز فنکار لہری نے وفات پائی،ماہ سمبر1992ء میں ملتان میں سیلاب نے تباہ کاریاں مچائیں،معروف گلوکار اسد مانت علی،مقبول صابری قوال وفات پا گئے،اسلامی انقلاب ایران کے بانی آیت اللہ خمینی کا انتقال ماہ ستمبر میں ہوا،پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ غلام حیدر وائیں کو میاں چنوں کے قریب قتل کر دیا گیا۔

ماہ اگست ختم ہو چکا جبکہ آج ماہ ستمبر کا آغاز ہو گیا ہے ملک میں بعض سیاسی واقعات کے حوالے سے بھی ماہ ستمبر کو ” ستم گر “ سمجھا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :